عوام کو آٹا چینی کے بعداب پٹرول کیلئے قطاروں میں کھڑا کرنا ظلم کی انتہا ہے،مریم نواز


اسلا م آباد(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہاہے کہ عوام کو آٹا چینی اور اب پٹرول کے لیے قطاروں میں کھڑا کرنا ظلم کی انتہا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو آٹا چینی اور اب پٹرول کے لیے قطاروں میں کھڑا کر دینا صرف بے حسی اور نااہلی نہیں، ظلم کی انتہا ہے۔

خلقِ خدا رل رہی ہے، تڑپ رہی ہے مگر مجال ہے ظالم حکومت کو کوئی فرق پڑے؟ انہو ں نے کہا کہ ایک دن بھی عوام پر ظلم و قیامت ڈھانے والے عمران خان کو عوام کی تکلیف پر پریشان ہوتے نہیں دیکھا۔

اپنے ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ لاہور، اسلام آباد، گوجرانوالا کی یہ تصاویر صرف پیٹرول کے لیے قطاروں کی نہیں بلکہ عوام کے کرب، تکلیف اور بے بسی کی داستان ہے۔

دعا ہے انہی قطاروں میں عمران خان، اسکو مسلط کرنے والے اور وزرا بھی کھڑے ہوں تاکہ انہیں پتہ چلے کہ عوام پر کیا قیامت ٹوٹی ہے۔ایک اور ٹویٹ میں ن لیگی نائب صدر نے ویڈیو شیئر کی ۔ اس ٹویٹ میں مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان پر شدید الفاظ میں تنقید کی۔