سیلابی پانی میں بھارت سے بہہ کر پاکستان آنے والی بارودی سرنگ کا ظفروال میں دھماکہ،4بچے جاں بحق ،2زخمی


نارووال(صباح نیوز) سیلابی پانی میں بھارت سے بہہ کر پاکستان آنے والی بارودی سرنگ کا تحصیل ظفروال کے گاؤں سکروڑ  میں دھماکہ ہوا ہے ۔ دھماکے میں  چار بچے جاں بحق ہوگئے  ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ تحصیل ظفروال کے گاؤں سکروڑ کے مقام پر نالہ ڈیک میں کچھ بچے مچھلیاں پکڑ رہے تھے اور ساتھ نالہ ڈیک میں نہا رہے تھے کہ اسی دوران کسی بچے کا پاؤں  بارودی سرنگ پر آ گیا جس سے زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں بہن بھائی سمیت چار بچے جاں بحق ہوگئے  ہیں۔

ریسکیو 1122 کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں فیض ولد نواز عمر 18 سال،کالو ولد طارق عمر 10 سال،نواز ولد بشیر عمر 12 سال، مصطفی ولد مظہر عمر 15 سال شامل ہیں ۔ متاثرین میں ایک ہی گھر سے بہن، بھائی زخمی اور ایک بھائی جاں بحق ہوا ۔تمام بچوں کا تعلق ایک ہی گاؤں سے تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ .حالیہ سیلاب کے دوران بھارت  سے نالہ ڈیک میں بہہ کر آ نے والی بارودی سرنگ  کا دھماکہ ہوا۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی  ریسکیو 1122 نے منگوال ،ظفروال اور ناروال سے ایمبولینسز کو فورا جائے حادثہ پربھیج دیا گیا ۔ ریسکیو 1122 کے جوانوں نے 2 شدید زخمی بچوں کو آر ایچ سی ظفروال منتقل کیا جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال نارووال ریفر کر دیا گیا ہے۔

زخمیوں میں اظہر ولد مظہر عمر 15 سال،ایمان فاطمہ بنت مظہر عمر 09 سال شامل ہیں ۔ حادثہ کی اطلاع ملتے بچوں کے گھروں میں کہرام مچ گیا اور صف ماتم بچھ گئی، علاقہ بھر کی فضا سوگوار ہو گئی،مقامی انتظامیہ اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ سول ڈیفنس ٹیم نے  نالہ ڈیک نزد موضع سکروڑ کا معائنہ کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ، مزید بم ڈسپوزل ٹیمیں اس علاقے کی سرچنگ میں مصروف ہیں۔