بجلی 4روپے 69پیسے فی یونٹ مزید مہنگی ہونے کا امکان


اسلام آباد(صباح نیوز) بجلی 4روپے 69پیسے فی یونٹ مزید مہنگی ہونے کا امکان ہے۔

سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے بجلی مہنگی کرنے کیلئے درخواست  نیپرا میں دائر کردی۔بجلی قیمت میں اضافہ کی درخواست جولائی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی۔قیمت  میں اضافے سے صارفین پر 65ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

نیپرا سی پی پی اے کی درخواست پر31اگست کو سماعت کرے گی۔سی پی پی اے کے مطابق جولائی میں پانی سے 35.17فیصد کوئلے سے 12.74 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ڈیزل سے 1.46اور فرنس آئل سے 6.42فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

ڈیزل سے پیدا ہونے والی بجلی کی لاگت 27روپے 88پیسے فی یونٹ رہی ۔فرنس آئل سے 35روپے 69پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی گئی۔مقامی گیس سے 10.36فیصد اور درآمدی ایل این جی سے 14.98فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ایل این جی سے پیدا ہونے والی بجلی کی لاگت 28روپے 28پیسے فی یونٹ رہی۔

جوہری ایندھن سے 14.20فیصد بجلی پیدا کی گئی۔جوہری ایندھن سے پیدا ہونے والی بجلی کی لاگت 1 روپے فی یونٹ رہی۔