تینوں نام نہاد بڑی سیاسی جماعتیں اور فوجی حکمران ملک کی تنزلی اور اداروں کی تباہی میں برابر کے ذمہ دار ہیں،راشد نسیم


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ تینوں نام نہاد بڑی سیاسی جماعتیں اور فوجی حکمران ملک کی تنزلی اور اداروں کی تباہی میں برابر کے ذمہ دار ہیں۔ بھاری اکثریت کا دعویٰ کرنے والی جماعتیں بتائیں کہ انھوں نے سالہاسال اقتدار میں رہنے کے باوجود ملک اور عوام کے لیے کیا خدمات سرانجام دیں۔ جماعت اسلامی بھلے تاحال اکثریتی پارٹی نہ بن سکی، لیکن اس نے ہر شعبہ میں خدمات انجام دی ہیں۔ کارکنان جماعت اسلامی کو اس پر فخر ہونا چاہیے۔ ان شاء اللہ جماعت اسلامی ملک کے مستقبل کو سنوارے گی۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں کل پاکستان امیدواران رکنیت کی تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ راشد نسیم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی نے اداروں کو تباہ اور بچے بچے کو مقروض کیا۔ ملک کو آئی ایم ایف اور استعماری طاقتوں کی غلامی میں دھکیلے رکھنا تینوں جماعتوں کی مشترکہ پالیسی ہے، اختلاف صرف مفادات کی حد تک ہے۔ تینوں بڑی جماعتیں توہین رسالت کے قوانین میں تبدیلی کی بھی خواہاں ہیں اور سیکولر ایجنڈا بھی جاری رکھنا چاہتی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اس سے فرق نہیں پڑتا کہ وقتی طور پر کوئی پارٹی اکثریت حاصل کر لے بلکہ ہمارے لیے سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہم حق پر ہیں۔انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی جدوجہد جاری رکھے گی۔