ملک میں غربت میں کمی کی بجائے اضافہ تشویشناک ہے ، افشاں طاہر


لاہور( صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن خواتین ونگ ٹرسٹ لاہور پروگرام منیجر کمیونٹی سروسز افشاں طاہر نے کہا ہے کہ مجبور اور بے وسائل بہن بھائیو ں کی خدمت بہترین عبادت ہے ـ ان خیالات کا اظہار انہوں نے غریب اور نادار خاندانوں میں راشن کی تقسیم کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیاـ

افشاں طاہر نے کہا کہ ملک میں غربت میں کمی کی بجائے اضافہ ہو رہا ہے جو تشویشناک ہے ـ انہوں نے کہا کہ ہمیں معاشرے کے غریب اور نادار طبقات کو اوپر اٹھانے کے لئے ان سے ریاستی اور انفرادی طور پر تعاون کرنا ہوگاـ

انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن زندگی کے ہر شعبہ میں انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ہے ـالخدمت کے تحت نہ صرف غریب خاندانوں کو راشن فراہم کیا جاتا ہے بلکہ ان کو طبی سہولتوں کی فراہمی اور روزگار کے قابل بنانے کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جاتے ہیں ـ جبکہ یتیم بچوں کی کفالت کے علاوہ ان کی مفت تعلیم وتربیت بھی کی جاتی ہے ـ

انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں سے بلوچستان کے متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد اور انہیں دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لئے بھی الخدمت فاؤنڈیشن بھرپور کردار کر رہا ہے ـ