وفاقی حکومت کا چیف سیکرٹری پنجاب کی تبدیلی سے انکار


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی حکومت نے چیف سیکرٹری پنجاب کی تبدیلی سے انکارکردیا۔ پنجاب حکومت نے نئے چیف سیکرٹری کی تعیناتی کے لئے تین نام بھجوائے تھے تاہم وزیر اعظم آفس کی جانب سے نئے چیف سیکرٹری کی تعیناتی سے معذرت کر لی گئی ہے۔

ایک نجی ٹی وی کے مطابق پنجاب حکومت نے نئے چیف سیکرٹری کی تعیناتی کے لئے احمد نواز سکھیرا، عبداللہ خان سنبل اور بابر حیات تارڑ کے نام بھجوائے تھے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے گزشتہ روز خط وفاقی حکومت کو لکھا گیا تھا۔ اسٹیبپلمشنٹ ڈویژن کو جونہی خط موصول ہواتو وزیر اعظم آفس سمر ی بھجوائی گئی۔

وزیر اعظم کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ چیف سیکرٹری پنجاب کو فوری طور پر تبدیل نہیں کیا جائے گا۔ وزیر اعظم آفس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پنجاب میں الیکن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے شیڈول کا اعلان کیا گیا ہے اس لئے کوئی بڑی تبدیلی نہیں کی جاسکتی۔ وزیر اعظم آفس کی جانب سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو آگاہ کردیا گیا ہے اور کہہ دیا گیا ہے کہ چیف سیکرٹری پنجاب کی تبدیلی نہیں ہو گی۔