پاکستان کو سیاسی و معاشی استحکام کی ضرورت ہے،سب کو افہام و تفہیم کا مظاہر ہ کرنا ہوگا.محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ  پاکستان کو سیاسی و معاشی استحکام کی ضرورت ہے۔ اس کے لیے سب کو افہام و تفہیم کا مظاہر ہ کرنا ہوگا۔ عوام کو درپیش مسائل دن بدن بڑھتے چلے جارہے ہیں۔ عوام پریشان ہیں پٹرولیم ، بجلی اورگیس کی قیمتوں میں ہوشر با اضافہ کرکے حکمرانوں نے مظالم کی انتہا کردی ہے۔ملک میں جو بھی بر سر اقتدار آیا ہے اس نے عوام کو دونوں ہاتھوں سے ہی لوٹا ہے۔ان لوگوں سے خیر خواہی کی کوئی امید باقی نہیں رہی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی قیادت کے پاس کوئی متبادل ایجنڈا نہیں تھا تواس نے ملک کے اندر سیاسی عدم استحکام کیوں پیدا کیا ۔؟ انہوں نے کہا کہ ملکی حالات دن بدن ابتر ہوتے چلے جا رہے ہیں ۔ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص پریشان ہے ،جبکہ محض دکھاوے اور ڈنگ ٹپائو اقدامات کے سوا کچھ نہیں ہو رہا ۔حکمران اجلاس اجلاس کھیل کر قوم کو گمراہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں کی نجکاری کی خواہش رکھنے والے غریب عوام کو دو وقت کی روٹی اور روزگار سے بھی محروم کرنا چاہتے ہیں۔

اگر حکمران ادارے ٹھیک نہیں کرسکتے ، اداروں سے کرپشن کا قلع قمع نہیں کرسکتے اور ان کو منافع بخش نہیں بناسکتے تو ان نا اہلوں سے ملک چلانے کی امید کیسے کی جاسکتی ہے؟۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ سودی معاشی نظام کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ سودی نظام تمام مسائل کی بنیادی جڑ ہے، حکومت نے اس کے لئے روڈ میپ دے۔  ملک میں معاشی عدم استحکام اور بے یقینی کی صورتحال بڑھتی چلی جارہی ہے۔