میرپور (صباح نیوز)سپریم کورٹ آزاد جموں وکشمیر کے حکم پر میرپور میں مضر صحت و ملاوٹ شدہ دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے دوران چارسو لیٹر دودھ تلف کر دیا گیا ۔ میونسپل مجسٹریٹ چوہدری مختار نے متعدد گوالوں پر جرمانہ بھی عائد کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق بند روڈ پر مختلف لوکل ڈیری فارمرز کی جانب سے میرپور میں منڈی بہاوالدین سے لائے جانے والے دودھ کی پابندی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دودھ میں چالیس تا پچاس فیصد پانی کی ملاوٹ کا سلسلہ جاری رکھا ۔
میونسپل مجسٹریٹ چوہدری مختار اور انکی ٹیم نے بند روڈ پرپک اپ و موٹر سائیکلوں پر دودھ ترسیل کرنے والے گوالوں کے دودھ کی چیکنگ بزریعہ مشین کی تو اس میں پانی کی ملاوٹ پچاس فیصد تک پائی گئی ۔میونسپل مجسٹریٹ نے ملاوٹ والا چارسولیٹر دودھ تلف کردیا جبکہ دیگر گوالوں کو فووڈ اتھارٹی کے قواعدِ و ضوابط پر عمل نہ کرنے پر ہزاروں روپے جرمانہ عائد کردیا۔
اس موقع پر چوہدری مختار نے گوالوں کو خبردار کیا ہے کہ معزز عدالت کے حکم کے مطابق حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق دودھ فروخت کریں بصورت دیگر مزید سخت کاروائی بھی ہو سکتی ہے۔
ادھر صباح نیوز کے سروے کے مطابق شہر میں لمبی سکین بیماری والے فارمز سے بھی دودھ کی فروختگی جاری ہے۔ شہریوں نے صباح نیوز کے بیورو چیف محمد امین بٹ کو بتایا ہے مارکیٹ میں لمبی سکین بیماری سے لاغر ہونے والے جانوروں کا گوشت قیمہ بنا کر فروخت کیا جارہا ہے جس سے انسانی صحت کو شدید خطرات لاحق ہیں۔