مہنگی بجلی کے خلاف جماعت اسلامی کل لیسکو ہیڈکوارٹر لاہور کا گھیراؤ کرے گی، قیصر شریف


لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ اور بلوں میں درجن بھر نام نہاد ٹیکسز کی شمولیت کے خلاف جماعت اسلامی بدھ کو لیسکو ہیڈکوارٹر لاہور کا گھیراؤ کرے گی۔

منصورہ سے جاری بیان میں انھوں نے کہا کہ مہنگی بجلی کے خلاف جماعت اسلامی کی جاری ملک گیر تحریک کے سلسلے میں ہونے والے مظاہرہ سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، امیر پنجاب وسطی جاوید قصوری، امیر لاہور ذکراللہ مجاہد اور دیگر قائدین  خطاب کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ مظاہرے میں جماعت اسلامی کے ہزاروں کارکنان شرکت کر رہے ہیں۔ قیصر شریف کا کہنا تھا کہ حکومت نے ڈھٹائی کی تمام حدیں پار کر دی ہیں، مہنگائی کے خلاف لانگ مارچز کرنے والوں کو جب اقتدار ملا تو انھوں نے پی ٹی آئی کے پونے چار سال حکومت کی کسر صرف تین چار ماہ میں ہی پوری کر دی۔ ایک شخص کو ایک ہزار روپے کی بجلی صرف کرنے پر چارہزار ٹیکسز کی صورت میں بھیج دیا جاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی مہنگی بجلی کے خلاف تحریک کو اس وقت تک جاری رکھے گی جب تک عوام کو کوئی ریلیف نہیں مل جاتا۔