ہم سب کو ایک قوم ہو کر اپنے ملک کے لیے کھڑا ہونا ہو گا، ثمینہ احسان، نزہت ناطق


راولپنڈی (صباح نیوز) حلقہ خواتین جماعت اسلامی کی ناظمہ صوبہ شمالی پنجاب ثمینہ احسان اور ناظمہ ضلع راولپنڈی نزہت ناطق نے یوم آزادی کے موقع پر قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ ملک پاکستان جو ہمارے آباو اجداد نے اسلام کے نام پر بہت قربانیوں کے بعد حاصل کیا تھا آج الحمد 75 برس کا ہو جائے گا اور جہاں یہ بات ہمارے لیے مسرت کا باعث ہے وہاں یہ اس نظریے، ارادے اور عزم کی تذکیر کا بھی وقت ہے کہ ہم سوچیں کیا ہم نے جس مقصد کے لیے یہ ملک حاصل کیا تھا وہ حاصل کر بھی پائے ہیں یا نہیں؟

انھوں نے مزید کہا کہ ہمارا پیارا ملک جو لا الہ الااللہ کے نام پر حاصل کیا تھا آج بہت سی آزمائشوں کا شکار ہے اور یہ وقت ہے جب ہم سب کو ایک قوم ہو کر اپنے ملک کے لیے کھڑا ہونا ہو گا، زندہ قومیں کبھی اپنے آباواجداد کی قربانیاں نہیں بھولتی اور ان کو اپنے لیے مشعلِ راہ بناتی ہیں۔ پاکستان ہمارا کل اثاثہ ہے جسے بہترین حالت میں ہمیں اپنی نسلوں تک پہنچانا ہے، اس کی بقا اسلامی قدروں کے ساتھ جڑے رہنے میں ہے اس لیے یہ ہر شہری کی زمہ داری یے کہ وہ ہر اختلاف بھلا کر پاکستان کے لیے کھڑا ہو اور اس ملک کو امن اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔