پاکستان امداد نہیں تجارت چاہتا ہے، بلاول


لاہور(صباح نیوز)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان امداد نہیں تجارت چاہتا ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے پاکستان میں دیگر ممالک کے ڈپلومیٹس کے اعزاز میں منعقدہ کئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک اچھی خارجہ پالیسی پاکستان کو معاشی چیلنجز نے نکال سکتی ہے اور اس سلسلے میں دفتر خارجہ بہترین کوششیں کررہا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ انہوں نے دنیا بھر کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستان امداد نہیں تجارت چاہتا ہے، دفترِخارجہ کی پوری توجہ اس وقت ایف اے ٹی ایف اور جی ایس پی پلس جیسے نازک مسائل پر ہے۔وزیر خارجہ نے اپنے دورہِ چائنہ ، امریکہ اور وسطی ایشیائی ممالک کے نمائندوں سے ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ہر جگہ سے پاکستان کے لئے مثبت تاثر ملا ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ معاشی استحکام کے لئے اکنامک ڈپلومیسی کا فروغ ناگزیر ہے اور اس سلسلے میں دفتر خارجہ بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو سو سال مکمل کرنے اور غیرملکی ڈپلومیٹس کے لئے گڈوِل ڈنر کے انعقاد پر مبارکبار پیش کی اور کہا کہ وزارت خارجہ برآمدات کی بنیاد پر معاشی نشوونما کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھائے گی۔

اس موقع پر صدر لاہور چیمبر میاں نعمان کبیر نے کہا کہ لاہور چیمبر نے 2022میں اپنے 100سال مکمل کر لئے ہیں اور انہیں ملک کے اس عظیم ادارے کے 100ویں صدر ہونے کا منفرداعزاز حاصل ہے، پاکستانی قوم نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دیں ہیں۔میاں نعمان کبیر نے کہا کہ 1960میں پاکستان کا پانچ سالہ اکنامک پلان جنوبی کوریا میں اپنایا گیا جس کے بعد جنوبی کوریا ایشیا میں ایک مضبوط معاشی پاور کے طور پر ابھرا، آج کے ترقی یافتہ ملکوں کے وفود 1960میں ہمارے انڈسٹریلائزیشن اور گروتھ کے ماڈل کی سٹڈی کے لئے پاکستان آتے تھے۔

صدر لاہور چیمبر کا کہنا تھا کہ  پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ کی عالمی امن کے قیام کی کاوشوں میں فرنٹ لائن واریئر کا کردار نبھایا ہے، یہ وقت پاکستان کا ساتھ نبھانے کا ہے غیرملکی ڈپلومیٹس کو چاہیے کہ عالمی سطح پر پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرنے اور پاکستان کا سوفٹ امیج دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے لئے اپنا اپنا کردار ادا کریں،پاکستان کو اس کڑے معاشی وقت اور حالات میں تنہا ہر گز نہ چھوڑا جائے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان نے افغانستان کی معاشی تعمیر نو اور متحدہ عرب امارات کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے جبکہ پاکستان نے ملائشیا، سنگاپور، چائنہ اور جرمنی جیسی موجودہ اکنامک پاورز کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

میاں نعمان کبیر نے کہا کہ پاکستان کی معیشت محض ٹیکسٹائل تک محدود نہیں،ہمارے پاس بہترین افرادی قوت رکھنے والا بے حد عمدہ انفارمیشن ٹیکنالوجی سیکٹرموجود ہے، غیر ملکی ڈپلومیٹ برادری پاکستان میں آئی ٹی سیکٹر کے فروغ کے لئے نئے ٹیکنالوجی زونز کے قیام کے لئے غیر ملکی سرمایہ کاری لانے میں اہم کردار ادا کرستے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی جغرافیائی خصوصیات اس بات کی متقاضی ہیں کہ خطے کے اور عالمی سطح پر تمام اہم معاملات میں اسے آن بورڈ لیا جائے، پاکستان عالمی سطح پر ایک اہم سپلائی چین بننے کی صلاحیت کا حامل ہے اور آبادی کا ایک بڑا تناسب رکھنے کی وجہ سے ایک بڑی ہنر مند افرادی قوت رکھتا ہے جس سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔صدر لاہور چیمبر نے ڈپلومیٹس سے درخواست کی کہ وہ پاکستان کے آئی ٹی گریجوایٹس اور انجینئرز کو اپنے ٹیک کمنیوں میںشمولیت اور پاکستان میں سکل ڈویلپمنٹ کے لئے خصوصی پروگرامز کا آغاز کرنے کے لئے اپنی حکومتوں سے بات کریں۔

میاں نعمان کبیر نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت اپنے فری ٹریڈ اگریمنٹس اور پریفرینشیل ٹریڈ اگریمنٹس کی لسٹ کو وسعت دینے کی اشد ضرورت ہے تاکہ افریقہ ، مشرق وسطی، سنٹرل ایشیا اور آسیان ممالک سمیت پوٹینشل مارکیٹوں تک پاکستانی مصنوعات کی بہتر رسائی ممکن ہو سکے ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں موجود غیرملکی مشن ہیڈز اپنی متعلقہ حکومتوں کو پاکستان کے ساتھ ایف ٹی ایز اور پی ٹی ایز کے لئے قائل کرنے اور پاکستان میں مستند بینکنگ چینلز قائم کرنے میں اہم کردار کریں تاکہ سب کے ساتھ دو طرفہ تجارت کو فروغ ملے۔

میاں نعمان کبیر کا کہنا تھا کہ سی پیک جدید ٹرانسپورٹیشن نیٹ ورک کی تعمیر، متعدد انرجی پروجیکٹ اور سپیشل اکنامک زونز کیے قیام کے بعد اب اگلے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ ان ڈپلومیٹس کے ساتھ ملک کر پاکستانی خواتین ورکرز کی امپاورمنٹ کے لئے خصوصی کام کرنا چاہتے ہیں تاکہ پاکستان کے اس مشکل وقت میں ان کے کردار میں اضافہ کیا جا سکے۔

صدر لاہور چیمبر میاں نعمان کبیر نے مزید کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس ہمیشہ پاکستان میں مقیم غیرملکی ڈپلومیٹس کے لئے اہم حیثیت رکھتا رہا ہے اور اس ادارے نے دوسرے ممالک کے ساتھ صنعت و تجارت کے فروغ میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔اس موقع پر صدر لاہور چیمبر آف کامرس میاں نعمان کبیر ، سینئر نائب صدرمیاں رحمن عزیز چن اور نائب صدر حارث عتیق نے بھی خطاب کیاجبکہ لاہور چیمبر کے سابق صدور، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران اور چالیس سے زائد ممالک کے ڈپلومیٹس تقریب میں شریک تھے۔