شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر


اسلام آباد(صباح نیوز)تحریک انصاف کے رہنماشہباز گل کا جسمانی ریمانڈ لینے کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی،عدالت نے ماتحت عدالت میں درخواست ضمانت پر پولیس اور پراسیکیوٹر کو پیر کے لیے نوٹس جاری کردیا ۔

وفاقی حکومت نے ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد کے ذریعے تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کے جوڈیشل ریمانڈ سے متعلق ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد کا فیصلہ چیلنج کر دیا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ ماتحت عدالت کے فیصلے کالعدم قرار دے اور شہباز گل کا مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ شہباز گل کے وکلا کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ حکومت نے پی ٹی آئی کے ساتھ حساب برابر کرنے کے لیے جھوٹا مقدمہ درج کیا۔ تفتیش میں پولیس شہباز گل پر کوئی الزام ثابت نہیں کرسکی۔ سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے جھوٹی ایف آئی آر درج کی گئی۔

وکلا کی جانب سے استدعا کی گئی کہ شہباز گل کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کی جائے۔ عدالت نے پولیس اور پراسیکیوٹر کو پیر کے لیے نوٹس جاری کردیا۔ شہباز گل نے ملک کے ایک نجی نیوز چینل پر افواج پاکستان سے متعلق بات کی تھی جس کے بعد ان کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا، 9 اگست کو پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل کو گرفتار کیا گیا ہے۔ گزشتہ روز ماتحت عدالت نے شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں جیل بھجوادیا تھا۔