ملک میں معیشت، معاشرت تباہ، لوٹ مار اور لوٹاکریسی عام ہو گئی ،راشد نسیم


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ ملک میں معیشت، معاشرت تباہ، لوٹ مار اور لوٹاکریسی عام ہو گئی ہے۔ اس وقت پاکستان کا ہر شعبہ زوال کا شکار حتیٰ کہ حکمرانوں نے کھیل کے شعبہ کو بھی پیچھے دھکیل دیاہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے مرکزی دعوتی تربیتی کمیٹی کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ مرکزی دعوتی تربیتی کمیٹی کے سیکرٹری بلال قدرت بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔  راشد نسیم  نے کہاکہ جماعت اسلامی ایسی پارٹیوں کی پیروی نہیں کرے گی جو ملک میں بری طرح ناکام ہو گئیں۔ حکمران پارٹیوں کی ناکامی ووٹوں کے ذریعے نہیں بلکہ اپنے کیے گئے فیصلوں کی وجہ سے ہے۔ جماعت اسلامی کے پاس اپنا منظم تربیتی نظام موجود ہے۔ اس تربیتی نظام کی خوبی یہ ہے کہ ہمارے لوگ سکینڈلوں سے پاک ہیں۔

  انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کے لوگ اعلیٰ عہدوں پرتعینات رہے، مگر اللہ کا شکر ہے کہ ان پر کبھی کسی قسم کی بددیانتی یا اقربا پروری کا الزام نہیں لگا۔ جماعت اسلامی کی قیادت نے ہمیشہ حق اور انصاف کے فیصلے کیے۔ جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک ہے۔ عروج اور دنیاوی کامیابی کے پیمانے جو اللہ تعالیٰ نے مقرر کیے ہم ان کو اپناتے ہوئے کامیابی حاصل کریں گے۔