خصوصی افراد کو مساوی حقوق دینے، احساسِ محرومی ختم کرنے کی ضرورت ہے، بیگم ثمینہ علوی


لاہور(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی اہلیہ بیگم ثمینہ عارف علوی نے معاشرے میں خصوصی افراد کو مساوی حقوق دینے اور ان کے احساس محرومی کو ختم کرنے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو پاکستان سوسائٹی فار ری ہیبلیٹیشن آف ڈس ایبلڈ (PSRD) کے دورے کے موقع پر کہی۔

ثمینہ علوی نے PSRD کے مختلف حصوں کا بھی دورہ کیا جس میں اس کا اسکول، ووکیشنل ٹریننگ سنٹر بھی شامل تھا۔ انہوں نے PSRD کے کام اور سینٹر میں موجود سہولیات کو سراہا۔ خاتون اول نے کہا کہ معذور افراد کے لیے ایک ہی چھت کے نیچے مختلف سہولیات فراہم کرنا ایک بہت اچھا طریقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ایسا نظام چاہتے ہیں جہاں معذور افراد کو معاشرے کے دیگر افراد کی طرح سہولیات میسر ہوں۔ انہوں نے مختلف معذور افراد کو بااختیار بنانے اور ان کے لیے زیادہ سے زیادہ سہولیات کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کی نقل و حرکت کو آسان بنانے کے لیے عوامی مقامات پر ریمپ ہونا چاہیے کیونکہ معاشرے میں ان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ان کی نقل و حرکت بہت ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی افراد کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کے لیے حکومتی سطح پر بھی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی افراد کو کارآمد شہری بنانے کے لیے تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت اہم ہے۔

ثمینہ علوی نے کہا کہ معاشرے کے اس طبقے کو بہترین طریقے سے سہولت فراہم کرنے اور ان کی خدمت کرنے کے لیے جذبہ اور عزم کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے معذور افراد کو بہت سی صلاحیتوں سے نوازا ہے اور لوگوں کو سمجھنا چاہیے کہ وہ معاشرے میں کسی سے کم نہیں ہیں۔ معذور افراد کے لیے آئی ٹی کی تربیت بھی بہت اہم تھی کیونکہ اس کے ذریعے وہ گھر بیٹھے اپنی کمائی شروع کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اپنی طرف سے PSRD کو 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر پی ایس آر ڈی کے صدر سید شمسی اور چیئرپرسن نگہت سعید نے بھی خطاب کیا۔