ن لیگ اور تحریک انصاف کا عوام دشمنی میں مقابلہ،جماعت اسلامی مسائل کا حل ہے،ڈاکٹرطار ق سلیم


راولپنڈی ( صباح نیوز  )امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ عوام مسلسل مسائل کی چکی میں پس رہے ہیں ہرآنے والی حکومت سابقہ سے بدترہوتی ہے آئی ایم ایف سمیت عالمی طاغوت سے نجات کے بغیرمسائل کا کاخاتمہ ممکن نہیں ۔ن لیگ اور تحریک انصا ف کا مقابلہ ہے کہ کون عوام پرزیادہ ظلم کرتاہے، جماعت اسلامی کی لیڈرشپ اورقیادت مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کررہی ہے،ذمہ داران عوام سے رابطوں کوتیزترکرتے ہوئے قومی اور بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کومکمل کریں ۔

ان خیالات کااظہارانھوں نے صوبائی مجلس شوری کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پرسالانہ بجٹ کی منظوری،تنظیمی وسیاسی صورتحال کے جائزے کے علاوہ آئندہ کی حکمت عملی طے کی گئی ،اجلاس میں طیارہ حادثے کے شہداء کے لیے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔اس موقع پرصوبائی سیکرٹری جنرل اقبال خان ،نائب امرائے صوبہ ڈاکٹرمبشراحمدصدیقی،حافظ تنویراحمد،محمدضیغم مغیرہ،صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل رسل خان بابر،سیدعتیق الرحمن ،چوہدری عمران انور ،صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان ،صدرجے آئی یوتھ اویس اسلم مرزا ،رضوا ن احمد،محمد اطہرشیخ سمیت صوبے بھرسے منتخب ارکان شریک ہوئے ۔

ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ پنجاب میں سیاسی خلاہے ہم نے 87فیصدقومی وصوبائی اسمبلی کے امیدواران کوفائنل کردیا اب ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوامی رابطوں کومضبوط کریں اورمسائل کے حل میں اپنا کرداراداکریں نام نہاد بڑی جماعتوں کا برسرزمین کام نہیں ہے جبکہ جماعت اسلامی کی تنظیم یونین کونسل سطح تک منظم ہے اسے بلاک کوڈ اور گلی محلے سطح تک منظم اورمتحرک کرنے کی ضرورت ہے امرائے اضلاع اورذیلی امراء کی قائدانہ صلاحیوں کا عکس ان کی سرگرمیوں میں نظرآناچاہیے

انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ سمیت دیگرظالمانہ ٹیکسوں کا خاتمہ نہ ہوا تواحتجاج کادائرہ مزید وسیع کریں گے۔اقبال خان نے کہاکہ ترازو قوم کی امید ہے ہرسطح کی تنظیم ترازو اور حل صرف جماعت اسلامی ،سلوگن کی پروموشن میں موثرکرداراداکرے۔