لاہور،کراچی(صباح نیوز)ملک بھر میں بجلی کا بدترین بحران جاری ہے، پنجاب سمیت دیگر صوبوں میں بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ عروج پر رہی ،کاروبار زندگی مفلو ج ہو کر رہ گیا۔ حکومت کی جانب سے ملک میں بجلی کی طلب اور رسد کے درمیان فرق میں کمی کے اعلان کے باوجود لوڈ شیڈنگ میں کمی نہیں آ سکی، شہر قائد کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
کراچی کے علاقے نارتھ کراچی، نیو کراچی، بفرزون، جمشید روڈ، مارٹن کواٹر، اولڈ سٹی ایریا، لیاری اور کیماڑی کے علاقے میں لوڈ شیڈنگ جاری رہی۔ اس کے علاوہ ملیر، سعود آباد، گلستان جوہر، ناظم آباد میں بھی کئی گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جارہی۔
لاہور میں لیسکو نے لوڈ شیڈنگ کی انتہا کر دی ہے، بجلی کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے شہری پریشانی میں مبتلا ہیں۔شہری علاقوں میں غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 6 سے 8 گھنٹے ہو گیا جبکہ دیہی علاقوں میں غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ 10 گھنٹے تک پہنچ گئی۔
لیسکو کے پاس بجلی کا شارٹ فال 1000 میگاواٹ رہا حبس کی وجہ سے بجلی کی مانگ میں اضافہ ہوگیا اور لیسکو سسٹم کنٹرول کرنے میں مکمل ناکام ہو گیا۔رات کے وقت کی بار بار ٹرپنگ سے شہریوں کی نیند بھی حرام ہو گئی۔بلوچستان میں بھی بجلی بحران شدت اختیار کر گیا، شہر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10 سے 12 گھنٹے تک پہنچ گیا۔بجلی کا شارٹ فال 700میگاواٹ تک پہنچ گیا،
نواحی علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14سے 16گھنٹے تک پہنچ گیا جبکہ بلوچستان کے زرعی علاقوں میں لوڈشیڈنگ 20 گھنٹے کی جارہی ۔بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث شہر میں پانی کا مسئلہ بھی سراٹھانے لگا اور گھریلوں صارفین کے ساتھ تاجربرادری کی مشکلات میں بھی اضافہ ہوگیا۔شہریوں نے شدید گرمی میں بجلی لوڈشیڈنگ دورانیہ میں کمی کا مطالبہ کیا ہے۔