حیدرآباد (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ پاکستان میں سیاست کو پیسے کا کھیل بنادیا گیا ہے، بڑھتی ہوئی مہنگائی سے غریب طبقے کا جینا دوبھر اورعام آدمی دووقت کی روٹی کیلئے سخت پریشان ہے موجودہ حکومت نے بھی عوام کو مایوس کیا ہے۔بجلی کے بلوں ٹیکسوں کی بھرمار نے رہی سہی کسربھی نکال دی ہے،عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ سودی نظام اور قرضوں کی معیشت نے ملک کی بنیادوں کو ہلاکر رکھ دیا ہے، بحران سے نکلنے اور عوامی مسائل کا واحد حل اسلامی نظام اور دیانتدار قیادت ہے، جماعت اسلامی اللہ کی دھرتی پر اللہ کے نظام کو نافذ اور احکامات الٰہی پر عمل کرکے پوری انسانیت کی دنیاوآخرت میں کامیابی چاہتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جھڈو،میرپورخاص،ٹنڈوالہیار اور حیدرآباد میں تربیتی اجتماعات سے خطاب اورمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی امیر نے مزید کہا کہ اپنی دعوت وکردار کے ذریعے معاشرے میں خیر کو پھیلانے اور برائی کے خاتمے کیلئے جدوجہد جماعت اسلامی کے قیام کا بنیاد ی مقصد ہے۔ حق وباطل کے معرکہ میں کوئی بھی بندہ مومن لاتعلق یا خاموش تماشائی نہیں رہ سکتا، اسلام مغلوب نہیں غالب ہونے کیلئے آیا ہے اور حق تو غالب ہوکر ہی رہے گا۔صوبائی امیر نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ نمازوقرآن مجید کی تلاوت کی پابندی اور لٹریچر کے مطالعے کے ساتھ دعوت وتربیت کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنائیں۔
محمد حسین محنتی کا مزید کہنا تھا کہ یزیدی اور باطل نظام کے خلاف ڈٹ جانے کا نام ہی حسینیت ہے اور شہادت حق کے بغیر زندگی بیکار ہے،مسلمان مردوخواتین کو تقویٰ حاصل کرنے کے لیے ایک دوسرے سے بازی لے جانے کی کوشش تیز کرنی چاہیے اور اپنی زندگی کو دین اسلام کے طے کردہ اصولوں کے مطابق گزار کر دوسروں کے لیے بھی نمونہ بننا چاہیے، جماعت اسلامی غلبہ اور اقامت دین کا مستعارہ ہے،ہرمسلمان پچھلے گناہوں سے توبہ کرے اور خود اصلاحی کا عمل جاری رکھے،
مطالعہ قرآن اور سیرت نبوی کی روشنی میں اپنی سیرت وکردار کو سنوارکر دوسروں کے لیے مثال بن جائے،معاشرے میں برائیوں کے خاتمے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے،انہوں نے کہاکہ بے عملی کہ وجہہ سے آج کا مسلمان چاہے وہ دنیا کے جس بھی خطے میں مقیم ہو شدید پریشان ہے، دنیا و آخرت کی کامیابیوں اورمایوسیوں و پریشانیوں سے نجات کا واحد حل یہ ہیکہ وہ اللہ اور اس کے سول ۖسے تعلق کو مضبوط بنالے اور بتائے ہوئے طریقوں کے مطابق زندگی بسر کرکے کامیاب ہوجائے۔