شعبہ نشرواشاعت دراصل جماعت کا بیانیہ ہے، شعبہ کے ہر فرد کو حساس،ذمہ دار اور معاملہ فہم ہونا چاہیے ۔عالیہ منصور


کراچی (صباح نیوز) ڈائریکٹر میڈیا سیل حلقہ خواتین،جماعت اسلامی پاکستان عالیہ منصور نے کہا ہے کہ شعبہ نشرواشاعت دراصل جماعت کا بیانیہ ہے لہذا شعبہ نشرواشاعت  کے ہر فرد کو حساس،ذمہ دار اور معاملہ فہم ہونا چاہیے تاکہ درپیش چیلنجز کا ذمہ داری سے سامنا کر سکیں۔

ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر میڈیا سیل حلقہ خواتین،جماعت اسلامی پاکستان عالیہ منصور نے صوبہ خیبر پختونخواہ کی ضلعی نگرانات کی تربیتی ورکشاپ  سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ آپ راہ حق کے داعی ہیں لہذا ہر شعبہ زندگی میں احسن طریقے سے اپنی جگہ بنانے اور اپنے پیغام کو دور دراز تک پہنچانے کے لئے میڈیا بہترین معاون ہے۔ہمیں اپنے اندر ایسی صلاحیتیں پیدا کرنی ہیں جن کے ذریعے اچھے اور موثر رابطے قائم کئے جا سکیں۔ شعبہ نشرواشاعت،خیبرپختونخواہ کے مختلف اضلاع کی نگرانات اور نائبین کی  ایک روزہ تربیتی نشست آن لائن منعقد ہوئی  جس میں مختلف اضلاع کی نگرانات  نشرواشاعت نے شرکت کی۔ڈپٹی کوآرڈی نیٹر میڈیا سیل ثمینہ قمر  نے کہا کہ معاشرے کی ترقی و تنزلی ذرائع ابلاغ سے مشروط ہے۔یہ ذرائع ابلاغ ہی ہیں جو معاشرتی اقدار کو بنانے یا بگاڑنے میں خصوصی کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کا مثبت استعمال کرنا جماعت کا بیانیہ پیش کرناحالات حاضرہ سے مکمل اور بروقت واقفیت   حاصل کرنا نظم اور کارکنان کو آگاہی دینا شعبہ کی اہم  ذمہ داریاں  ہیں۔رپورٹ فارم کی اہمیت پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی نگران نشرواشاعت صائمہ افتخار نے کہا کہ اپنے ذمے لگائی گئی ذمہ داریوں کی بروقت رپورٹ دینا دراصل آخرت کی رپورٹ سازی کی تیاری ہے۔ رپورٹ دینے سے اہداف کے تعین اور نتائج کے حصول میں آسانی ہوتی ہے  اور اپنے کام کی تکمیل کی رفتار کا اندازہ ہوتا ہے۔خبر اور قرارداد کی تیاری کے عنوان پر لیکچر دیتے ہوئے نائب نگران نشرواشاعت نیر کاشف نے کہا کہ خبر اہم معلومات پر مشتعمل ہوتی ہے۔اخباری خبر اطلاعات کا پائیدار اور مستقل ذریعہ ہے۔خبر شائع کروانے کے لئے بیجا طوالت سے پرہیز کریں۔خبر کی اشاعت کے لئے خبرکا جامع اور مدلل ہونا لازمی ہے