وقت کے یزیدوں کیخلاف ڈٹ جانے کا نام حسینیت ہے ،محمد حسین محنتی


کراچی( صباح نیوز)08 اگست2022   جماعت اسلامی سندھ کے امیرو سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ غلبہ حق، ظلم اور وقت کے یزیدوں کے خلاف ڈٹ جانے کا نام حسینیت ہے، واقعہ کربلا پوری امت کو یہ درس ملتا ہے کہ دعوت دین کے راستے میں ا نے والی تمام مشکلات کا صبر واستقامت کے ساتھ مقابلا کرنا چاہئے،یومِ عاشور کے دن عدل وانصاف اور غلبہ دین کیلئے اسوہ حسین پر عمل پیرا ہونے کا عہد کرنا چاہئے۔

یومِ عاشور پر اپنے جاری کردہ پیغام میں صوبائی امیر نے مزید کہا کہ نواسہ رسولۖ کی شہادت سے ہمیں یہ پیغام ملتا ہے کہ باطل قوتوں کے مقابلے کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی دریغ نہیں کرنا چاہئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قوم آج یزیدی نظام کے خلاف اٹھنے کا عہد کرے، اس سے ملکی استحکام اور خوشحالی دونوں نصیب ہوں گی۔ امام حسین ابن علی کی حکمرانی انسانیت کے دلوں پر ہے جو ظلم و جبر اور آمریت کے خلاف اٹھنے کا شعور دیتی ہے۔ کربلا کے ریگزاروں سے حسینیت کے شعور کا جو پودا پھوٹا وہ قیامت تک پوری انسانیت کو دائمی امن، سلامتی، جمہوریت اور انصاف کی چھاؤں دیتا رہے گا۔