اسلام آباد ہائی کورٹ ،دفتر خارجہ کی ڈاکٹر فوزیہ کو امریکا جانے کیلئے ڈپلومیٹک پاسپورٹ دینے سے معذرت


اسلام آباد(صباح نیوز) دفتر خارجہ نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو امریکا جانے کیلئے ڈپلومیٹک پاسپورٹ دینے سے معذرت کرلی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں امریکی جیل میں قید پاکستانی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ دفتر خارجہ نے پیشرفت رپورٹ جمع کراتے ہوئے کہا کہ بہن سے ملنے امریکا جانے کیلئے ڈاکٹر فوزیہ ڈپلومیٹک پاسپورٹ چاہتی ہیں۔

درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ خوف اور ڈر ہے کہ وہاں کچھ ہو سکتا ہے اس لیے ڈپلومیٹک پاسپورٹ چاہ رہے ہیں، دفتر خارجہ عدالت کے سامنے فوزیہ صدیقی کی مکمل حفاظت کی ضمانت دے دے۔ عدالت نے کہا کہ آپ ویزہ کے لیے اپلائی کریں۔

دفتر خارجہ نے ڈاکٹر فوزیہ کو ڈپلومیٹک پاسپورٹ دینے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ قانون کے مطابق ڈپلومیٹک پاسپورٹ ڈاکٹر فوزیہ کو نہیں دے سکتے ، ڈاکٹر فوزیہ امریکی ویزے کیلئے اپلائی کریں مکمل سہولت فراہم کریں گے۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر فوزیہ امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ سے ملنے کے لیے جائیں گی جس کیلئے انہوں نے امریکہ میں سیکورٹی کے کے لیے ڈپلومیٹک پاسپورٹ کی استدعا کی تھی۔