جنوبی ایشیا میں پائیدار امن، سلامتی اور خوشحالی کے لئے جموں و کشمیر کے تنازع کا پرامن حل کی ضرورت ہے،شہباز شریف


اسلام آباد(صبا ح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن، سلامتی اور خوشحالی کے لئے جموں و کشمیر کے تنازع کا پرامن حل کی ضرورت ہے۔جاپان کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، آئی ٹی، قابل تجدید توانائی اور دیگر متعلقہ شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دی جانی چاہیے،وزیراعظم جاپان کے پارلیمانی نائب وزیر برائے خارجہ امور سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے ،

 وزیر اعظم ہاؤس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم سے جاپان کے پارلیمانی نائب وزیر برائے خارجہ امور ہونڈا تارو نے بدھ کو ملاقات کی۔اس موقع پر دوستانہ اور تعاون پر مبنی دوطرفہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان میں انفراسٹرکچر اور سماجی واقتصادی ترقی کے لیے حکومت جاپان کی جانب سے فراہم کی جانے والی معاونت کو سراہا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تجارت، سرمایہ کاری، آئی ٹی، قابل تجدید توانائی اور دیگر متعلقہ شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دی جانی چاہیے۔ گزشتہ کئی سالوں میں جاپانی اداروں کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے یقین دلایا کہ حکومت اس طرح کی سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان اعلی سطح کے وفود کے تبادلوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

پارلیمانی نائب وزیر برائے خارجہ امور نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے جانی اورمالی نقصان پر ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے جاپان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان جاپان تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے ذاتی کوششوں پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری اور سماجی و اقتصادی ترقی کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ جاپان کے مسلسل تعاون کے عزم سے آگاہ کیا۔

نائب وزیر ہونڈا تارو نے وزیراعظم کو پاکستان میں جاپان کے امدادی ادارے جائیکا کے خاص طور پر صحت، پانی، صفائی ستھرائی اور قدرتی آفات سے نجات کے شعبوں میں تعاون کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔وزیر اعظم نے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کی سنگین صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے جنوبی ایشیا میں پائیدار امن، سلامتی اور خوشحالی کے لیے جموں و کشمیر کے تنازع کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا