منکی پاکس کے بڑھتے کیسز، امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ایمرجنسی نافذ


واشنگٹن(صباح نیوز)امریکی ریاست کیلیفورنیا میں منکی پاکس کے بڑھتے کیسز کے باعث گورنر کیلیفورنیا نے ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کردیا۔

عالمی میڈیا کے مطابق امریکہ میں منکی پاکس کیسوں کی تعداد 5 ہزار 800 تک پہنچ گئی ، منکی پاکس کے 800 کیس کیلیفورنیا میں پائے گئے ہیں۔

کیلیفورنیا، نیویارک اور الینوائے کے بعد تیسری ریاست ہے جس نے منکی پوکس کے خطرے کے پیش نظر ریاستی ایمرجنسی کا اعلان کیا ہے۔

عالمی ادارہ صحت نے منکی پاکس کو عالمی ہیلتھ ایمرجنسی قرار دیا ہے، تاہم بائیڈن انتظامیہ نے ایمرجنسی کا اعلان نہیں کیا ہے۔

گورنر نے کہا کہ کیلیفورنیا حکومت تمام سطحوں پر فوری طور پر منکی پاکس کے پھیلاؤ کو کم کرنے کے لیے کام کر رہی ہے، اس بات کو یقینی بنایا جا رہا کہ سب سے زیادہ خطرے والے افراد ویکسین، علاج اور ہماری توجہ کا مرکز رہیں تاکہ اس وبا کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔