رواں سال کے پہلے ماہ میں ایف بی آر کے محصولات میں 10 فیصد کا اضافہ


اسلام آباد(صباح نیوز) رواں مالی سال کے پہلے ماہ میں فیڈرل بیورو آف ریونیو(ایف بی آر )کے محصولات میں 10فیصد کا اضافہ ہوگیا،پاکستان کسٹمز نے 67 ارب روپے کے محصولات اکھٹے کئے۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ماہ جولائی میں 458ارب روپے کے محصولات اکھٹے کئے گئے جبکہ اس سلسلے میں ایف بی آر نے مالی سال کے پہلے ماہ جولائی کے لئے 443ارب روپے محصولات کا ہدف رکھا تھا۔ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں مالی سال کے پہلے مہینے جولائی میں اکٹھے ہونے والے محصولات میں اضافہ 10فیصد ریکارڈ ہوا ہے۔ اعلامیے میں بتایا گیا  کہ پاکستان کسٹمز نے 67ارب روپے کے محصولات اکھٹے کئے۔رواں مالی سال انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔

ایف بی آر کے مطابق رواں مالی سال 34لاکھ ٹیکس گزاروں نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرائے جبکہ گزشتہ مالی سال میں 30لاکھ ٹیکس گزاروں نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرائے تھے۔

دوسری جانب فیڈرل بور ڈ آف ریونیو نے رواں مالی سال 2022-23 کے لیے مقرر کردہ 7 ہزار 470ارب روپے کی ٹیکس وصولیوں کا ہدف حاصل کرنے کے لیے نادرا سے مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکام کے مطابق نادرا سے زیادہ اخراجات والے مزید ساڑھے 3ہزار افراد کا مکمل ڈیٹا طلب کرلیا گیا جبکہ ٹریک اینڈ ٹریس اور پوائنٹ آف سیل سسٹم سے بھی مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ٹیکس نیٹ بڑھانے کے لئے غیر ملکی دوروں، مہنگی گاڑیوں، جائیداد کی خریداری کا ریکارڈ چیک کیا جائے گا۔

ٹیکس نیٹ بڑھانے کے لئے آڈٹ سسٹم بھی استعمال کیا جائے گا جبکہ ٹیکس نادہندگان کے بینک اکائونٹس کی جانچ پڑتال ہوگی۔