ملازمین کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کو تیار ہیں ۔رانا شکیل اصغر


اسلام آباد ( صباح نیوز )سی ڈی اے مزدور یونین ریونیو ڈائریکٹوریٹ سی بی اے کمیٹی کے زیر اہتمام بورڈ ممبران اور قائدین مزدور یونین سے اظہار تشکر کے حوالے سے استقبالیہ تقریب ریونیو ڈائریکٹوریٹ اقبال ہال میںمنعقد ہوئی،

تقریب میں ممبر ایڈمنسٹریشن عامر عباس خان ،ممبر فنانس رانا شکیل اصغر ،ڈپٹی فنانشنل ایڈوائزر محمد قاسم چٹھہ ،سی ڈی اے مجسٹریٹ سردار محمد آصف ،ڈائریکٹرریونیو ملک محمد اقبال ،پاکستان ورکرزفیڈریشن سائوتھ پنجاب کے صدرمختار اعوان ،بلڈنگ ووڈ ورکرزیونین کے جنرل سیکرٹری محمد اسلم عادل ،پاکستان ورکرزفیڈریشن کے سیکرٹری جنرل چوہدری محمد یٰسین ،مزدور یونین کے صدر اورنگزیب خان ،چیئرمین راجہ شاکر زمان کیانی،سی بی اے کمیٹی ریونیو کے چیئرمین خالد محمود ،صدر عابد حسین علوی ،جنرل سیکرٹری زاہد کاٹھیا ،سپریم ہیڈ چوہدری رشید ،راجہ رحیم نواز ،عدنان خالد ،عمران عباس سمیت سی ڈی اے ملازمین کی کثیرتعداد نے شرکت کی ،

سی ڈی اے مزدور یونین کے قائد چوہدری محمد یٰسین نے یکجہتی کا مظاہرہ کرنے پر سی بی اے ریونیو کمیٹی کے عہدیداران کا شکریہ اداکیا ،ریونیو ڈائریکٹوریٹ کے ملازمین کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم چیئرمین سی ڈی اے ،بورڈ ممبران و انتظامیہ کے شکرگزار ہیں کہ انھوں نے محنت کشوں کے مسائل کو حل کرنے کے حوالے سے ہمیشہ ہمارے ساتھ اپنا بھرپور تعاون پیش کیا،

انھوں نے کہا کہ موجودہ چیئرمین اور انکی ٹیم کی کارکردگی مثالی ہے اور گزشتہ ادوار میں اس شہر کی خستہ حالی اور بدحالی ہر شخص کی زبان پر تھی اور شہر کھنڈرات اور جنگلات کا منظر پیش کر رہا تھا لیکن آج چیئرمین عامر علی احمد اور انکی ٹیم کی کاوشوں سے نہ صرف اسلام آباد شہر ایک بارپھردنیا کے خوبصورت ترین شہروں میں شمارہوابلکہ پہلی دفعہ وسائل میں اضافہ کرنے سے ادارے کا بجٹ سرپلس ہو گیا اور شہرمیں میگاپراجیکٹ پر کام شروع کرنے کے ساتھ گلی محلے کے مسائل پر بھی توجہ دی گئی اور یہ سب محنت کشوں اور سی ڈی اے انتظامیہ کی مشترکہ جدوجہد اور کوششوں کی وجہ سے ممکن ہوا اور ادارے کی نیک نامی میںاضافہ ہوا ،

ان کا کہنا تھا کہ محنت کشوں کی فلاح اور ادارے کی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے،ہم نے ہمیشہ اپنے ملازمین کو ایمانداری اور دیانتداری کے جذبے کے تحت اپنی خدمات سرانجام دینے کی تلقین کی اور ہمیشہ مذاکرات اور بات چیت کی سیاست پر یقین رکھا ،رنگ و نسل سے بالاتر ہو کر محنت کشوں کے مسائل حل کیے لیکن جب کبھی مذاکرات کی راہ میں ڈیڈلاک یا رکاوٹ پیدا ہوئی تو مسائل نے جنم لیا ،چوہدری محمد یٰسین نے بورڈ ممبران سے مطالبہ کیا کہ ریونیو ڈائریکٹوریٹ جو دوارب ریونیو سالانہ اکٹھا کرتا ہے میری گزارش اور مطالبہ ہے کہ اس کا دوفی صد سالانہ میرے ریونیو کے ملازمین کے لیے مختص کیا جائے ،اسلام آباد ایک بڑا شہر بن چکا ہے ،

ادارے میں آٹھ ہزار آسامیاں خالی ہیں جسکی وجہ سے ملازمین کو مشکلات کا سامنا ہے ،ریونیو کے عملے میں شامل انسپکٹرز کو ایریا میں جانے کے لیے ٹرانسپورٹ کی کمی کا سامنا ہے لہذا ان کو موٹر سائیکل مہیا کیے جائیں ،سی ڈی اے کے ممبر فنانس رانا شکیل اصغر نے محنت کشوں کی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پہلے بھی مزدور یونین کے جائز مطالبات جو انھوں نے ادارے کے محنت کشوں کی بہتری کے لیے ہمارے سامنے رکھے ہم نے ہر ممکن طریقے سے انکو حل کرنے کی کوشش کی اور آئندہ بھی یقین دلاتے ہیں کہ ملازمین کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کو تیار ہیں،

دوفی صدسالانہ ریونیوبطور اعزازیہ ملازمین کو دینے کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ میں نے ڈپٹی فنانشل ایڈوائزر محمد قاسم چٹھہ کو اس حوالے سے ہدایت جاری کر دی ہے کہ ان ملازمین کو سالانہ ریونیو سے دوفی صدبطور اعزازیہ دینے پر کام کیا جائے ، پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے حوالے سے عدالت جب بھی اپنا فیصلہ کرے گی سی ڈی اے انتظامیہ بلاتاخیر قرعہ اندازی کرکے محنت کشوں کو انکا حق دینے میں اپنا کرداراداکرے گی ،تقریب کے اختتام پر ریونیو کمیٹی سی بی اے کے عہدیداران نے افسران اور مزدور رہنمائوں کو گلدستے پیش کیے ۔