تمام سیاسی جماعتیں پائیدارترقی کے اہداف حاصل کرنے کیلئے معاونت کریں ،احسن اقبال


اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں پائیدارترقی کے اہداف حاصل کرنے کیلئے معاونت کریں۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے پائیدار ترقی کے اہداف پر سیمینار سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں دو تہائی آبادی نوجوانوں پر مبنی ہے اور نوجوانوں کو ترقی کے مواقع نہ فراہم کئے تو حالات سنگین ہونے کا خدشہ ہے پاکستان دنیا کا پہلا ملک تھا جس نے پائیدار ترقی کے اہداف کو قبول کیا لیکن اس وقت جو معاشی حالات ہیں اس کے باعث پائیدار ترقی کے اہداف پر تحفظات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کا حق ہے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں معاونت کریں کیونکہ اگر پائیدار ترقی کے اہداف صرف ہوا میں رہے تو کیسے حاصل کئے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2017ء میں ترقیاتی بجٹ کا ہدف نو سو ارب روپے تھا اور اب جب 2022 میں وزارت منصوبہ بندی ملی تو ترقیاتی بجٹ صرف ساڑھے پانچ سو ارب رہ گیا   اور اگر کسی ملک کا ترقیاتی بجٹ سکڑ رہا ہو تو پائیدار ترقی کے اہداف کیسے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نوجوانوں کو بہتر تعلیم، روزگارنہ دیا تومعیشت ترقی نہیں کرسکتی ہے۔