مشترکہ تحقیق ؛ بحرانوں کیلئے حکمت عملی مرتب کرنے کے حوالے سے ایس ڈی پی آئی اور کے ایس آئی سٹریٹیجک انسٹی ٹیوٹ ملائشیا کے مابین مفاہمتی یاداشت


اسلام آباد(صباح نیوز)پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی اور ملائشین تھنک ٹینک کے ایس آئی سٹریٹیجک انسٹی ٹیوٹ کے مابین اسلام آباد میں مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے گئے.

اس موقع پر ایس ڈی پی آئی کے سر براہ ڈاکٹر عابد قیوم سلہری ، ملائشین ہائی کمیشن کے انچارج ڈیڈی فیصل احمد صالح ، ملائشیا میں پاکستان کے قونصلر برائے تجارت ، سرمایہ کاری شفقت نیازی اور کے ایس آئی کے سر براہ ٹِن سری مائیکل بوہ نے شرکت کی ۔ مفاہمتی یاداشت کی دستخطی تقریب کا انعقاد ایس ڈی پی آئی میں کیا گیا۔

اس موقع پر ایس ڈی پی آئی کے سر براہ ڈاکٹر عابد سلہری نے کہا کہ پاکستان اور ملائشیاکے تھنک ٹینک کے مابین شراکت داری کا مقصد مشترکہ تحقیق ، ایشیاپیسفیک کو درپیش بحرانوں کے حوالے سے مشترکہ حکمت عملی و پیش بندی کیلئے مل کر کام کرنا شامل ہے۔ اس موقع پر ملائشین ہائی کمیشن اسلام آباد کے انچارج ڈیڈی فیصل احمد صالح نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی دونوں مملک کے برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے میں انتہائی موثر کردار ادا کر سکتاہے جس میں دو طرفہ تجارت میں اضافہ ممکن ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گذشتہ سال تجار ت کے حجم میں اضافہ ہو کر 36.3 فیصد ہوا۔ تجار ت میں شامل پام آئل اور دیگر زرعی مصنوعات شامل ہیں۔انہوں نے کاروباری طبقے کی توجہ دلاتے ہوئے بتایا کہ ملائشیاکے مختلف شعبہ جات میں بہترین کاروباری موقعے موجود ہیں جس سے دونوں ممالک کے کاروباری طبقات فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔

اس موقع پر ملائشیامیں پاکستان کے قونصلر برائے تجارت شفقت نیازی نے کہا کہ دونوں ممالک کے سفارتی مشن شب و روز ممالک اور عوام کے مابین مضبوط تعلقات اور موثر روابط کے فروغ کے لئے کوشاں ہیں اور ایس ڈی پی آئی جیسے ادارے اس میں مثبت کردار ادا کر سکتے ہیں۔