پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی عدالتوں کو اپنی مرضی سے استعمال کرنا چاہتی ہیں۔ میاں محمد اسلم


اسلام آباد (صباح نیوز)  نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی عدالتوں کو اپنی مرضی سے استعمال کرنا چاہتی ہیں، دونوں نے ہوسِ اقتدار میں آئینی، سیاسی، پارلیمانی اور اخلاقی اقدار کو تباہ کردیا ہے، ملکی مسائل کی اصل وجہ کر پشن ہے ، اگر سپریم کورٹ پانامہ لیکس اور پنڈورا پیپرز کرپشن کا فیصلہ کردے تو قومی وجود کرپٹ مافیا سے نجات پاسکتا ہے،

انھوں نے کہا سیاسی مسائل خود حل نہ کرنے کی صلاحیت سے عاری قیادت نے عدالتوں میں سیاسی مقدمات دائر کرکے سیاست اور عدالت کو رُسوا کردیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے یونین کو نسل جی ٹین کے دورے کے مو قع معززین علاقہ سے گفتگو کر تے ہو ئے کیا ۔

میاں محمد اسلم نے کہا ملک میں 75برسوں سے کرسی کے حصول کی جنگ جاری ہے, وطن عزیز پر آمروں، سول اور کبھی آئی ایم ایف کے نمائندے حکومت کرتے رہے ہیں, سول و ملٹری ڈکٹیٹروں نے ملک کا ہر شعبہ زندگی تنزلی کی جانب دھکیلا، ملک کی معیشت تباہ، معاشرہ تقسیم اور ادارے تباہ و برباد ہو گئے ہیں، انھوں نے کہا قرضوں پر قرضے لے کر ملک کے بچے بچے کو مقروض کردیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سات دہائیوں سے ملک تباہ گاہ بنا ہوا ہے اب اسے اسلامی نظام چاہیے۔