مریم نواز جھوٹ کے علاوہ کچھ نہیں بول سکتیں، شیریں مزاری


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اورسابق وفاقی وزیر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ مریم نواز جھوٹ کے علاوہ کچھ نہیں بول سکتیں، وہ ضمانت پر ہیں اور ججز پر حملے کر رہی ہیں۔

شیریں مزاری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مریم نواز چیخ و پکار کر رہی ہیں کہ وہ کرو جو میں کہہ رہی ہوں، نیوٹرلز کو پیغام ہے کہ عوام کے لئے اب فیصلہ کر لیں، 3 ماہ میں پاکستان کا برا حشر کر دیا گیا  ۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ امریکا کی فورس آنے کے بعد ہوش آئے گا کیا؟ علی بابا چالیس چوروں کا ٹولہ اکٹھا ہو گیا  ، ان کے پاس عوامی طاقت بھی نہیں اور نہ پنجاب میں حکومت کرنے کا جواز ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کی بھارت سے دوستیاں ہیں، بزنس ہیں، انہوں نے ملک کو برباد کر دیا اور نیوٹرل اب بھی ان کے پیچھے ہیں۔

شیریں مزاری نے  کہا ہے کہ قوم کو فیصلہ کرنے دیں کہ وہ عمران خان کو سپورٹ کریں گے یا ان چوروں کو۔انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ پی ڈی ایم والے جو حشر کر رہے ہیں وہ آپ کو نظر نہیں آ رہا، البتہ قوم کو نظر آ رہا ہے۔