عدلیہ کمزور اور متنازع ہو تو ملک میں انتشار پھیلتا ہے، احسن اقبال


اسلام آباد(صباح نیوز)مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ عدلیہ کمزور اور متنازع ہوتو ملک میں انتشار پھیلتا ہے۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے آئین اور عدلیہ کی تاریخ کیلئے اہم مرحلہ ہے، ن لیگ اور پی ٹی آئی کیلئے الگ الگ قانون ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے جھوٹے مقدمات کا سامنا کیا، جیل میں قید کاٹی، ہمیں رو دھو کر ضمانتیں ملیں اور پی ٹی آئی رہنماؤں کو 24گھنٹوں میں مل جاتی ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ ہمارے نام 3،3 سال تک ای سی ایل میں شامل رہے، ای سی ایل سے نام نکلے تو اعتراض ہوجاتا ہے، پی ٹی آئی والوں کے نام 24 گھنٹوں میں ای سی ایل سے نکل جاتے ہیں۔ن لیگ کے رہنما نے کہا کہ کسی تحفظات پر جائز بات کریں تو ہتک عزت کا کیس بنا کرنا اہل کردیتے ہیں، عمران خان عدالتوں کی ایسی کی تیسی کردیں اسے کچھ نہیں کہا جاتا۔