ماحول بنایا جارہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو الیکشن پر راضی کیا جاسکے۔،جاوید لطیف


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما  اور  وفاقی وزیر جاوید لطیف نے کہا ہے کہ آج کئی حلقوں سے نرم مداخلت کی آوازیں اٹھ رہی ہیں، ماحول بنایا جارہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو الیکشن پر راضی کیا جاسکے۔ پاکستان کے لیے آئندہ دو ہفتے معاشی، دفاعی اور سیاسی لحاظ سے بہت اہم ہیں،  پہلے ماضی کی غلطیوں پر معافی مانگیں پھر قومی مفاد پر بات ہو گی، اداروں میں بیٹھے کچھ لوگ خواہشات کی تکمیل میں سب کر رہے ہیں،

یہ بات انھوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔جاوید لطیف کاکہنا تھاکہ سب کو لیول پلیئنگ فیلڈ ملنی چاہیے، رات کے وقت سپریم کورٹ کی دیواریں پھلانگی گئیں، اسے جذبات کا اظہار قرار دیا جاتا ہے تون لیگ پر سپریم کورٹ پر حملے کے الزام پر معافی مانگی جائے۔

ان کا کہنا تھاکہ آج کئی حلقوں سے نرم مداخلت کی آوازیں اٹھ رہی ہیں، ماحول بنایا جارہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو الیکشن پر راضی کیا جاسکے،  پاکستان کے لیے آئندہ دو ہفتے معاشی، دفاعی اور سیاسی لحاظ سے بہت اہم ہیں، پالیسی ساز اداروں کو سوچنا ہوگا، پہلے اپنی کی ہوئی غلطی تسلیم کریں پھر قومی مفاد کی بات کریں،عمران خان کسی جماعت کو چور ڈاکو کہہ کر کمزور کرنے کی کوشش کررہے ہیں؟ ماضی میں مداخلت کرتے ہوئے قومی مفاد کا احساس تھا؟۔

جاوید لطیف نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلی پنجاب کے انتخاب کے کیس کی فل کورٹ میں سماعت کی جائے اور نواز شریف کی ساری اپیلوں کو فوری سنا جائے۔ قومی لیڈرشپ اورجماعتوں کومنصوبہ بندی سے کمزورکیا جاتا ہے، آج قومی حکومت کی راہ میں روڑے اٹکائے جارہے ہیں اور کہتے ہیں ملک میں ٹیکنوکریٹس کی حکومت ہونی چاہیے، کوئی کہتا ہے صدارتی نظام ہو،کوئی کہتا ہے اٹھارھویں ترمیم ختم ہو۔

رہنما ن لیگ کاکہنا تھاکہ ریاست بچانے کیلئے ہم نے سیاست قربان کی، ہم پچھلی مصیبتوں کو بھلا کر پاکستان کیلئے آگے بڑھنا چاہتے ہیں کیونکہ ہم نے بڑے مقصد کیلئے قربانی دی تھی۔جاوید لطیف نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی غیر آئینی کام کرتا ہے تو اس پر کوئی مقدمہ نہیں ہوتا، کوئی اس ڈپٹی اسپیکر کو عدالت میں نہیں بلاتا ہے۔  پاکستان بنانے والوں کو یہاں غدار ہے کے القابات دیے گئے۔