ملک میں بارشوں سے تباہی ،بستیاں زیر آب،فصلیں تباہ ،بلوچستان میں جاں بحق افراد کی تعداد 100 سے زائد ہو گئی


اسلام آباد(صباح نیوز)ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں نے تباہی مچا دی،بستیاں زیر آب آگئیں، فصلیں تباہ ہوگئیں، سیلابی ریلوں میں سڑکیں اور کئی منی ہائیڈل پاوربہہ گئے، پلوں کو نقصان پہنچا، بلوچستان میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 100سے زائد ہو گئی جبکہ دو ہزار پانچ سو چھتیس مکان منہدم ہوئے۔ روجھان میں سیلابی ریلے کے باعث متعدد بستیاں زیر آب آ گئیں، سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں بھی ہر طرف پانی ہی پانی ہے۔ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں سے تباہی ہوئی ہے، مکانات کے ساتھ ساتھ سیلابی ریلے انفرا سٹرکچر بہا لے گئے ، شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے تو انتظامیہ بے بسی کی تصویر بنی ہوئی ہے۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں سے ہلاکتوں کی تعداد 100ہوگئی۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں سے 63افراد زخمی بھی ہوئے۔ بارشوں سے 2ہزار 536 مکان منہدم اورایک ہزار17کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ صوبے کے مختلف علاقوں میں بارشوں سے9 پلوں کو بھی نقصان پہنچا۔

روجھان میں مسلسل بارش سے کوہ سلیمان سے نکلنے والے سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی، ڈنڈا کوٹ گمانمل صفدر آباد میں معتدد بستیاں زیر آب آ گئیں، سیکڑوں سیلاب متاثرین کھلے آسمان تلے دریائی بندوں اور سڑکوں پر رہنے پر مجبور ہیں۔

راجن پور میں بھی صورتحال مختلف نہیں ، سیلابی ریلے نے ہر طرف تباہی مچا دی، چک شہید کا حفاظتی بند ٹوٹنے سے پانی درجنوں بستیوں میں داخل ، لوگ کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہو گئے۔ اپر کوہستان میں بھی بارشوں سے تباہی ، متعدد بستیاں زیر آب اور فصلیں تباہ ہو گئیں، کئی منی ہائیڈل پاور بھی سیلاب میں بہہ گئے۔

گلگت بلتستان میں بھی بارشوں سے تباہی مچ گئی، لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے شاہراہ قراقرم متعدد مقامات پر بلاک ہو گئی ،بجلی گھروں کو نقصان پہنچے سے بجلی کی فراہمی میں تعطل سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔چترال میں موسلا دھار بارشوں سے درجنوں گھروں اور فصلوں کو شدید نقصان پہنچا، سیلابی ریلے کے باعث سڑکیں بند ہونے سے لوگوں کو نقل و حرکت میں مشکلات کا سامنا رہا۔

خان پور، لورالائی، حیدر آباد اوربارکھان میں بھی بارشوں سے تباہی کے مناظر جا بجا دکھائی دے رہے۔ نشیبی علاقوں میں پانی ہی پانی جبکہ لورالائی میں سیلابی ریلے میں گاڑی بہہ گئی، مقامی افراد نے گاڑی میں سوار چار افراد کو بچا لیا۔