سپریم کورٹ کے فل بینچ کو آئینی معاملے کی تشریح کرنی چاہیے، شیری رحمان


اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیرموسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فل بینچ کو آئینی معاملے کی تشریح کرنی چاہیے، پنجاب میں بھی عمران خان کو مانگے تانگے کے اتحادی چھوڑ گئے۔

وفاقی وزیر اور پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلی کا انتخاب سپریم کورٹ کے فیصلے کے عین مطابق تھا۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق ہونے والے الیکشن کو کس بنیاد پر چیلنج کیا جا رہا ہے؟ امید ہے معاملے کو مزید الجھنے سے پہلے عدالت فل بینچ تشکیل دے گی۔شیری رحمان نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فل بینچ کو اس آئینی معاملے کی تشریح کرنی چاہیے اور ہر موقع پر آئین کی مختلف تشریح نہیں کی جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے 25 اراکین صوبائی اسمبلی کو پارٹی لائن کے خلاف ووٹ دینے پر ڈی سیٹ کیا گیا تھا۔ الیکشن کمیشن اور عدالت کے فیصلے کے بعد تحریک انصاف شادیانے بجا رہی تھی لیکن اب ق لیگ کے 10 ارکان کا ووٹ مسترد کیا گیا تو وہی پی ٹی آئی احتجاج کر رہی ہے۔رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ شکست کے بعد عمران خان نے اپنے ہی موقف سے یوٹرن لے لیا جبکہ آصف زرداری پر الزامات لگانے پر عمران خان اور پی ٹی آئی کو اب معافی مانگنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز دنیا نے دیکھا کسی کے ووٹ نہیں خریدے گئے، اتحاد بنانا آئینی عمل ہے،الیکشن میں جمہوری اور سیاسی آپشن استعمال کرنا سیاسی جماعتوں کا حق ہے، وفاق کی طرح پنجاب میں بھی عمران خان کو مانگے تانگے کے اتحادی چھوڑ گئے۔