پاکستان اور چین کا سی پیک منصوبے میں دیگر ممالک کی شمولیت کا خیرمقدم


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان اور چین نے مفید باہمی تعاون کے لئے چین پاکستان اقتصادی راہداری میں دیگر ممالک کی شمولیت کا خیرمقدم کیا ہے۔ان جذبات کا اظہار بین الاقوامی تعاون اور رابطہ کے بارے میں سی پیک مشترکہ ورکنگ گروپ کے تیسرے آن لائن اجلاس کے دوران کیا گیا۔

اجلاس کی صدارت سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور چین کے نائب وزیر خارجہ Wo Jianghao نے مشترکہ طور پر کی۔فریقین نے اجلاس میں سی پیک پر عملدرآمد اور متفقہ ترجیحی شعبوں میں اسے توسیع دینے کے لئے جاری تعاون کا جائزہ لیا۔اجلاس میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ ایک خطہ ایک شاہراہ منصوبے کے تحت سی پیک نے بین الاقوامی اور علاقائی روابط کو مضبوط بنانے کے لئے نئے سنگ میل عبور کئے ہیں جن میں خاص طور پر افغانستان تک اس کی توسیع شامل ہے۔

اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق پایا گیا کہ صنعت، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائنس ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اعلی اور معیاری ترقی کے نتیجے میں سی پیک منصوبہ ایک نئے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے جس سے عوام کی سماجی اور اقتصادی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔فریقین نے پائیدار ترقی اور بین الاقوامی تعاون کے لئے سی پیک کے کردار کو میڈیا اور تھینک ٹینکس کے ذریعے اجاگر کرنے پر بھی اتفاق کیا۔