پاکستان اور ترکیہ کا تجارت، ثقافت اور دفاع کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ


اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے پاکستان میں ترکیہ کے نئے تعینات ہونے والے سفیر پروفیسر ڈاکٹر مہمت پاچاجی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی ۔ چیئرمین سینیٹ نے بطور سفیر تقرری پر مہمت پاچاجی کو مبارکباد دی اور پاکستان سے تعلقات کے فروغ میں بہترین کردار ادا کرنے کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم پر مبنی ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے اس امید کا اظہار کیا کہ تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون مزید مضبوط ہوگا ۔محمدصادق سنجرانی نے جموں و کشمیر کے تنازع پر ترکیہ کی جانب سے پاکستان کی مستقل حمایت پر اظہار تشکر کیا ۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اسلامو فوبیا کے خطرے سے نمٹنے کیلئے کوششیں تیز کرنے کی ضرورت ہے اورتمام اسلامی ممالک کو اسلاموفوبیا کے خلاف یکجا ہو کر ہر فورم پر آواز اٹھانا ہوگی۔ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا گیا ۔ ملاقات کے دوران متعدد علاقائی اور عالمی امور پر یکساں موقف پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ شاندار طریقے سے منائی جائیگی۔ملاقات میںپاکستان اور ترکیہ کا تجارت، ثقافت اور دفاع کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اوردو طرفہ تعلقات مزید بہتر بنانے، مختلف علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا گیا ۔چیئرمین سینیٹ نے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

محمد صادق سنجرانی نے کہاکہ امید ہے ترکیہ کی جانب سے پاکستان کو تقریباً 261 ٹیرف لائنز پر رعایت دینے کے حوالے سے معاملات جلد طے ہوں گے اور دونوں ممالک کے درمیان ادارہ جاتی تعاون ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے میں مدد گار ثابت ہوگا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے وفود کے تبادلوں میں تیزی لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ترک سفیر نے کہا کہ پاکستان خطے کا اہم ملک ہے۔پاکستان کے ساتھ دو طرفہ اور مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید وسعت دینے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کروں گا۔ترکیہ کے سفیر نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا ۔انہوں نے پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید وسعت کے عزم کااظہار بھی کیا۔