ووٹ ڈالتے ہوئے عمران حکومت کی معاشی تباہی کے بارے میںضرور سوچیئے گا ، شہباز شریف


 اسلام آباد (صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ووٹ ڈالتے ہوئے عمران حکومت کی  معاشی تباہی کے بارے ضرور سوچیئے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا ضمنی الیکشن کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپربیان میں پنجاب کے ووٹرزکو کہا  ہے کہ آپ کا ووٹ ہی آپ کی طاقت ہے، ووٹ ڈالتے ہوئے عمران نیازی حکومت کی کرپشن اور معاشی تباہی کا ضرور سوچیئے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پی ٹی آئی کے دور میں اپنی منزل سے دور ہوگیا، اس کا اظہار ووٹ سے کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کو پونے4 سال بدترین گورننس کا نشانہ بنایا گیا،شہریوں کو مفت ادویات اور طلبا کو وظائف سے محروم کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ سرکاری  آسامیوں اور تبادلوں کی کھلے عام خرید و فروخت کی گئی، شہری سہولیات کی حالت ابتر اور لاقانونیت عروج پر رہی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کی جو حالت کی گئی، وہ پنجاب کے لوگوں کی توہین سے کم نہیں، ووٹ کی طاقت سے انتشار، نفرت اور تقسیم کی سیاست کو مسترد کریں۔

انہوں نے کہا کہ ایک شخص کی انا، اندازِ سیاست اور نااہلی نے معاشرے کے حسن کو تہ و بالا کرکے رکھ دیا، اپنا ووٹ قومی ترقی اور اپنے بچوں کے روشن مستقبل کیلئے ڈالیں، مجھے آپ کی قوتِ انتخاب پر پورا بھروسہ ہے۔

اپنے ایک اور ٹویٹ میں وزیر اعظم شہباز شریف نےکہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے ان کی براہِ راست سر پرستی میں قومی اداروں پر کیچڑ اچھالنے کی منظم مہم چلائی، جس سے پاکستان کو نا قابلِ تلافی نقصان پہنچا۔

ان کا کہنا تھا کہ اقتدار کی ہوس میں عمران نیازی میکاویلین سیاست کا شرمناک باب رقم کر رہا ہے۔