حکومت پائیدار ترقی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ دینے کیلئے کوشاں ہے،مفتاح اسماعیل


اسلام آباد(صباح نیوز)وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی، ایسوسی ایشن کے چیئرمین شیخ لقمان امین کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔

اجلاس میں وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت و صنعت رانا احسان افضل، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، فنانس ڈویژن اور ایف بی آر کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی، وفد نے ملکی برآمدات میں گارمنٹس کے شعبے کے تعاون پر روشنی ڈالی۔ وفد نے ویلیو ایڈڈ گارمنٹس پر ٹیکس لگانے، سیلز ٹیکس ری فنڈ اور دیگر مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ ملاقات میں ڈی ایل ٹی ایل اور جی ایس پی پلس سٹیٹس کے مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر مفتاح اسماعیل نے کہا کہ حکومت پائیدار ترقی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ دینے کیلئے کوشاں ہے، کاروباری برادری کو سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔  وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے وفد کو ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر خزانہ  نے وفد پر ملکی برآمدات بڑھانے پر زور بھی دیا۔