سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی ایڈووکیٹ سپریم کورٹ عامر سہیل شیخ کے ساتھ کی گئی بدتمیزی کی شدید الفاظ میں مذمت


اسلام آباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر محمد احسن بھون اور سیکرٹری وسیم ممتاز ملک نے پتوکی میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پتوکی رائے آفتاب احمد کی طرف سے ایڈووکیٹ سپریم کورٹ عامر سہیل شیخ کے ساتھ کی گئی بدتمیزی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور  ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پتوکی کے خلاف فوری طور پر محکمانہ کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی طرف سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پتوکی رائے آفتاب احمد نے سپریم کورٹ کے وکیل عامر سہیل شیخ کے ساتھ بدتمیزی اور ان کی تضحیک کی ہے جج نے وکیل کے خلاف غلط زبان استعمال کی اور انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی ہیں ،سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی طرف سے کہا گیا ہے کہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کا رویہ عدالتی ڈیکورم اور پیشہ ورانہ روایات و اخلاقیات سے متصادم ہے جو کہ کسی صورت قابل قبول نہیں ہے اور اس کی مذمت کی جاتی ہے بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کی سب سے بڑی بار ہونے کی وجہ سے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے ہمیشہ ملک میں قانون کی حکمرانی قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے اس صورتحال میں بار غیر مہذب اقدامات پر آنکھیں بند نہیں کر سکتی جن کی وجہ سے ہماری عدلیہ کا ڈیکورم اور وقار متاثر ہو،

سپریم کورٹ بار نے تو پتوکی بار ایسوسی ایشن اور دیگر بارز کی جانب سے کئے گئے مطالبات کی توثیق کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پتوکی کے خلاف فوری طور پر محکمانہ کاروائی کی جائے تاکہ عدلیہ کے فاضل ججز، عدالتوں اور ادارے کے وقار کا تحفظ کیا جاسکے اورمستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کی جا سکے کیونکہ ایسے واقعات کی وجہ سے قانونی پیشہ کے وقار کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔