چیف الیکشن کمشنر کوحمزہ شہباز اور مریم نواز سے چھپ کر ملنے کی ضرورت نہیں،ترجمان


اسلام آباد (صباح نیوز)ترجمان الیکشن عمر شیر چٹھہ نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر سکندر سلطان راجہ کو وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز شریف سے چھپ کر ملنے کی ضرورت نہیں۔

سیاستدان خود چیف الیکشن کمشنر سے سیاسی اور انتخابی معاملات پر بات کرنے آتے ہیں۔جمعرات کے روز ترجمان الیکشن کمیشن نے ایک نجی ٹی وی کو بتایا کہ الزام لگانا بہت آسان ہے اگر کوئی ثبوت ہے توسامنے لایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اشتعال اوردبائو میں آئے بغیر اپنا آئینی کردار ادا کرتا رہے گا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم کسی مسٹر ایکس، وائی اور زی کو نہیں جانتے ، آپس کے ذاتی جھگڑوں کواپنے تک محدود رکھیں۔

الیکشن کمیشن نے عمران خان کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کا نوٹس لے لیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے الیکشن کمیشن پر لگائے جانے والے الزامات کا نوٹس لے لیا۔ الیکشن کمیشن نے بذریعہ خط پیمرا سے عمران خان کی بھکر، لیہ اور خوشاب میں کی گئی تقاریر کا ریکارڈ طلب کر لیاہے۔

عمران خان نے تینوں اضلاع میں ضمنی انتخابات کے حوالہ سے منعقدہ جلسوں سے خطا ب میں الیکشن کمیشن پرحکومتی امیدواروں کے حق میں دھاندلی کرنے کے الزامات لگائے تھے۔ پیمراسے ریکارڈ موصول ہونے کے بعد الیکشن کمیشن عمران خان کے بیانات کا جائزہ لے گا۔

نجی ٹی وی ذرائع کے مطابق، چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس میں عمران خان سے کمیشن پر لگائے جانے والے مبینہ الزامات کے ثبوت مانگے جائیںگے۔الیکشن کمیشن عمران خان سے الزامات کی وضاحت بھی طلب کرے گا۔