مظفرآباد(صباح نیوز)وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے فراخدلی اور ہمدردی کی ایک نئی مثال قائم کردی، عید کے پر مسرت موقع پر وزیراعظم سیکرٹریٹ کے سینئر ترین ڈرائیور شوکت کیانی اور انکی اہلیہ کو آئندہ سال ذاتی گرہ سے حج بیت اللہ کے لئے حجاز مقدس بھجوانے کا اعلان کر دیا،
وزیر اعظم کے ڈائیور شوکت کیانی 5 ماہ بعد ریٹائر ہوجائیں گے جنھوں نے اپنی طویل سروس میں آزاد کشمیر کے نو وزرائے اعظم کے ساتھ ڈیوٹی کی مگر تنویر الیاس واحد وزیر اعظم ہیں جنھوں نے شوکت کیانی اور ان کی اہلیہ کو حج پر بھیجنے کا اعلان کیا اور یہ حج وہ سرکاری فنڈ سے نہیں بلکہ ذاتی گرہ سے ادا کریں گے ، تنویر الیاس نے موقع پر ہی کہا کہ آئندہ چند روز میں ہی دونوں میاں بیوی کے حج کے لئے ان کے ذاتی اکاؤنٹ میں رقم جمع کردی جائے گی یہ اعلان سنتے ہی وزیراعظم کے ڈرائیور شوکت کیانی کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو آگئے ۔
شوکت کیانی نہایت دیندار اور صوم و صلا ت کے پابند ہیں۔ یاد رہے وزیراعظم تنویر الیاس اس سے قبل کئی بار بیشتر لوگوں کی ذاتی گرہ سے مدد کرچکے ہیں آبائی علاقہ میں وسیع رقبہ پر مسجد کی تعمیر کے ساتھ ، ان کے والد اور دادا کی جانب سے بھی پورا سال امداد اور تعاون کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ جن کا خاندان آزادکشمیر کا متمول شمار ہوتا ہے۔