سنت ابراہیمی کا تقاضہ ہے کہ اسلامی نظام کے لیے ہر قربانی دی جائے۔ میاں اسلم ،نصراللہ رندھاوا


اسلام آباد(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم اور امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصر اللہ رند ھاوا نے کہا ہے کہ  سنت ابراہیمی کا تقاضہ ہے کہ اسلامی نظام اور رضائے الہی کے حصول کے لیے ہر قربانی دی جائے، پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پر وجود میں آیا ہے، قرآن وسنت کے نظام کا نفاذ ہی اس کی حقیقی منزل ہے،

انھوں نے کہاپاکستان کے لوگ ملک کو اسلامی و خوشحال دیکھنے کے متمنی ہیں اور وہ ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے الخد مت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ضلع بھر میں قائم اجتماعی قر بانی کے مراکز کا دورہ کر تے ہو ئے کیا۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی  اسلام آباد نصر اللہ رند ھاوا بھی ان کے ہمراہ تھے۔

 انھوں نے کہا قربانی کے موقع پر صاحب حیثیت افراد سنت ابراہیمی  ادا کرتے ہوئے غربا، مساکین، یتیموں، بیواں، بے سہارا لوگوں کو بھائی چارے کے اصول کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے قربانی کا گوشت دیں تاکہ ان کے گھروں میں بھی خوشی کا اہتمام ہوسکے،جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے کہاجماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن ملک کے طول و عرض میں مستحق خاندانوں میں قربانی کا گوشت پہنچانے کا اہتمام کر رہی ہے، قربانی کے موقع پر شہروں میں صفائی کا خصوصی خیال رکھا جائے، ہمارا دین ہمیں صفائی کا درس دیتاہے، آلائشیں پھیلانا اور صفائی کا خیال نہ رکھنا قربانی کی برکات کو زائل کرنے کے مترادف ہے۔