پنجاب کے ضمنی انتخابات میں اسلامی تحریک پاکستان ، پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کی حمایت کرے گی ۔ انجینئر خرم دستگیر


اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر پانی و بجلی انجینئر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ پنجاب کی 20 سیٹوں کے ضمنی انتخابات میں اسلامی تحریک پاکستان ، پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کی حمایت کرے گی ۔

نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خرم دستگیر نے کہا کہ گزشتہ روز اسلامی تحریک پاکستان کے نمائندوں نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ سے ضمنی الیکشن کے حوالے سے مذاکرات کئے جس میں اسلامی تحریک پاکستان نے مسلم لیگ ( ن ) کی حمایت کا وعدہ کیا ۔ خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ وہ پر امید ہیں کہ اسی طرح اسلامی تحریک پاکستان جنرل الیکشن 2023 ء میں بھی مسلم لیگ ( ن ) کی حمایت کرے گی ۔ خرم دستگیر نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ( ن ) تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے ۔ ہم فیصلہ سازی میں تمام جماعتوں کے کردار کو سراہتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی تحریک پاکستان کے ساتھ مفاہمت میں سابق ڈپٹی میئر اسلام آباد ذیشان نقوی نے اہم کردار ادا کیا ہے ۔ پریس کانفرنس میں اسلامی تحریک پاکستان کے علامہ شبیر حسین اور علامہ اظہر جبکہ مسلم لیگ ( ن ) سے تعلق رکھنے والے اسلام آباد کے سابق ڈپٹی میئر ذیشان نقوی بھی موجود تھے ۔ اسلامی تحریک پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسین کا کہنا تھا کہ ہم نے وزیر داخلہ سے ملک کے مختلف معاملات پر گفتگو کی اور ہم نے فیصلہ کیا کہ پنجاب کے ضمنی الیکشن میں نواز لیگ کی سپورٹ کریں گے ۔ ہم نے یہ فیصلہ ملکی و قومی  مفاد  او ر موجودہ ر ملکی  صورتحال کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا ہے ۔