خودداری کا بیانیہ لوگوں کے دلوں میں اتر گیا ، اسد عمر


اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ خودداری کا بیانیہ لوگوں کے دلوں میں اتر گیا،پی ٹی آئی کی لڑائی ناانصافی اور بیرونی مداخلت کے خلاف ہے، کسی کی ذات کے خلاف نہیں۔

انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ہی کہا تھا کہ پنجاب حکومت جعلی حکومت ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ یہ لوگ کبھی ہوٹلوں میں اجلاس بلاتے رہے کبھی کہاں، عجیب و غریب تماشے لگائے ہوئے ہیں، زور زبردستی کی جارہی ہے اور آئین کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں، پنجاب میں اے سی اور ڈی سی کی نمبردار اور دیگر اراکین کو دھمکیاں دی جارہی ہیں، ہمارے نمائندوں کو دھمکیاں دی جارہی ہیں۔سب سے زیادہ شکایت ملی ہے وہ غیر قانونی ووٹ کا اندراج ہے،اس پر ہم نے پٹیشن بھی فائل کیا ہے۔سیاسی طورپرقوم یکجا ہوتی نظرآرہی ہے،خود داری کا بیانیہ لوگوں کے دلوں میں اترگیا ہے ،وزیراعلیٰ کا انتخاب پہلے دن سے غیرقانونی تھا اب عدالتی فیصلہ بھی آگیا، ن لیگ جانتی ہے کہ وہ پنجاب سے جانیوالے ہیں، اسی لیے پنجاب میں غیرقانونی تبادلے جاری ہیں، پنجاب میں ووٹ ایک سے دوسرے حلقے میں منتقل کئے جارہے ہیں،2 جون کوالیکٹورل رولزجاری کئے گئے جس میں نئے ووٹ بھی آگئے۔

انہوں نے کہا کہ پی  اے سی میں خاتون سے متعلق الزامات کا مجھے علم نہیں پہلی مرتبہ یہ بات سن رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کو کسی سیاسی کیس میں نہیں پکڑا تھا، ان کے خلاف اے این ایف کے حاضر سروس افسروں نے کیس بنایا تھا۔انہوں نے کہا کہ اینٹ سے اینٹ بجانے کا کہنے والے ابھی بھی حکومت کا حصہ ہیں، اداروں کے خلاف سب سے زیادہ بات کرنے والے خواجہ آصف وزیرِ دفاع بنے بیٹھے ہیں۔اسد عمر نے کہا ہے کہ ہمارے لوگوں کو دھمکیاں مل رہی ہیں، پی ٹی آئی کی لڑائی ناانصافی اور بیرونی مداخلت کے خلاف ہے، کسی کی ذات کے خلاف نہیں۔