امپورٹڈ حکومت ڈرانے، دھمکانے کی ہر حد پار کرنا چاہتی ہے،شہباز گل


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت ڈرانے اور دھمکانے کی ہر حد پار کرنا چاہتی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں شہباز گل نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے جلسوں کے دوران استعمال ہونے والے جہاز کے پائلٹ کو نامعلوم نمبروں سے دھمکی آمیز فون آرہے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ لگتا ہے آپ کے سامنے طاقت کے استعمال کی کوئی حد نہیں، آپ ڈرانے دھمکانے کی ہر حد کراس کرنا چاہتے ہیں لیکن قوم کا خوف دور ہو چکا ہے، اب سب نامعلوم، معلوم ہیں۔شہباز گل نے کہا کہ اگر خان صاحب کے جہاز کو زمین پر یا فضا میں کوئی نقصان پہنچا تو قوم یاد رکھے کون یہ سب کروا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پہلے پرائیویٹ کمپنیوں کو جہاز دینے پر دھمکیاں دی گئیں، زبردستی جہازوں کو خراب ظاہر کروا کر ہمارے سفر کو کینسل کروانے کی کوشش کی گئی اب جو جہاز موجود ہے اس کے پائلٹ کو دھمکایا جا رہا ہے۔