آمنہ مسعود جنجوعہ کاڈاکٹر عافیہ صدیقی کی والدہ عصمت صدیقی کی وفات پر دکھ و افسوس کا اظہار


اسلا م آباد(صباح نیوز)چیرپرسن ڈیفنس آف ہیومن رائٹس پاکستان آمنہ مسعود جنجوعہ  نے امریکہ میں قیدڈاکٹر عافیہ صدیقی کی والدہ عصمت صدیقی کی وفات پر دکھ اور افسو س کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک انتہائی افسوسناک گھڑی ہے ، ہمارے پاس کوئی الفاظ نہیں ہیں جن سے ڈاکٹر فوزیہ کو تسلی دیں،

اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ ہم عافیہ صدیقی کو اغوا کرنے کی شدید مذمت کرتے  ہوئے حکومت پاکستان پر زور دیتے ھیں کہ فی لفور ڈاکٹر عافیہ کو  رہائی دلائے تاکہ وہ اپنے بچوں اور بہن کے ساتھ مل سکے اور ماں کی وفات جیسے شدید غم اور دکھ کے موقع پر اپنے خاندان والوں کے پاس ھو-  ایک عورت کو اس طرح سے اغوا کر لینا ایک ایسا ظلم ہے کہ اس سے بڑا کوئی ظلم نہیں-

آمنہ مسعود جنجوعہ نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ اگر اس دکھ کے موقع پر غمزدہ خاندان کو کوئی دلاسہ دینا چاہتے ہیں تو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو رہائی دلائیں  تاکہ انکے غم پر مرھم رکھا جا سکے اور یوں ، کم از کم  ڈاکٹر عافیہ  اپنی بقیہ زندگی  خوشی اور سکون  سے گزار سکیں-انہوں نے اللہ تعالی سے دعا ء کی ہے کہ وہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی والدہ مرحومہ عصمت صدیقی کی  مغفرت فر ماکر انہیں اپنی جوارِ رحمت میں جگہ دیں ،

آمنہ مسعود جنجوعہ نے کہاکہ  مرحومہ عصمت صدیقی اپنی بیٹی عافیہ صدیقہ کے لئے لمبے عرصے تک  دکھ میں مبتلا رہی اور ہر وقت  بیٹی کے  لیے پریشانی اور اذیت میں رہتی تھی- اللہ تعالی نے ان کو اس دکھ سے آزادی دلادی – اللہ تعالی ان کے لیے آخرت کے مرحلے آسان کریں  اور تمام اہلِ خاندان کو صبرِ جمیل عطا فرمائیں،ڈیفنس آف ہیومن رائٹس کے تمام ممبران اور لاپتہ افراد کی فیملیز نے بھی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی  والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے  خاندان کے ساتھ غم میں شامل ہیں ،انہوں نے مرحومہ کے لئے دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالی ان کے لیے آخرت کے مرحلے آسان کریں  اور تمام خاندان کو صبرِ جمیل عطا فرمائیں ،

واضح رہے کہ آج سے19 سال قبل 30 مارچ 2003 کو ڈاکٹر عا فیہ کو ان کے تین بچوں سمیت اغوا کر لیا گیا۔ پانچ سال بعد ان کو ناگفتہ بہ حالت میں افغانستان کے راستے امریکہ پہنچا کر ایک جعلی مقدمہ میں 86 سال کی قید سنا دی گئی۔ اس دوران ہر سیاستدان اور حکمران ڈاکٹر عافیہ کو واپس لانے کے وعدے کرتا رہا مگر آج تک کسی نے یہ وعدے پورے نہ کئے۔