اسلا م آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں اور اتحادی حکومت سرمایہ کاروں کو مزید سہولتوں کی فراہمی کیلئے تمام رکاوٹیں دور کرنے کے اقدامات کررہی ہے۔
انہوں نے اسلام آباد میں چین کی سرکاری کمپنیNorinco کے وفد سے ملاقات میں کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان معاشی تعاون کا فروغ پاکستان کی سماجی اور معاشی ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔انہوں نے دونوں دوست ملکوں کے باہمی فائدے اور ترقی کے لئے چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تبدیلی کے منصوبے کے طور پر اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے چینی کمپنیوں کو دعوت دی کہ وہ پاکستان میں متبادل توانائی خصوصا شمسی توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں۔
شہباز شریف نے خصوصا موجودہ معاشی صورتحال میں پاکستان سے مسلسل اور غیر متزلزل تعاون پر چین کی اعلی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ Norinco کے وفدنے پاکستان میں بڑے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔ چین کے وفد نے پاکستان کو موجودہ معاشی بحران سے نکالنے کیلئے انتھک کوششیں کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کی تعریف کی