ایازصادق کی جماعت اسلامی کے رکن مولانا عبدالاکبر چترالی کو نااہلی کا ریفرنس لانے کی دھمکی


اسلام آباد (صباح نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما ، وزیراقتصادی امور سردارایازصادق نے قومی اسمبلی میں جماعت اسلامی کے رکن  مولانا عبدالاکبر چترالی کو نااہلی کا رفیرنس لانے کی دھمکی دے دی ۔

سپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف  کی زیرصدارت قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وفاقی وزیر سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی میں جماعت اسلامی کے رکن کو دھمکی دیتے ہوئے کہا اگر حکومتی بینچز پر نہیں بیٹھیں گے تو ریفرنس بھی آسکتا ہے۔یاد رہے کہ مولاناعبدالاکبر چترالی ایم ایم اے کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں لیکن جب سے پی ڈی ایم اتحاد کی حکومت قائم ہوئی وہ اپوزیشن بینچ سے حکومتی بینچ پر جاکر نہیں بیٹھتے ۔ وفاقی وزیر سردار ایاز صادق نے  جماعت اسلامی کے واحد رکن مولانا عبدالاکبرچترالی کونشانہ بناتے ہوئے کہا آپ کو کرسی عزیز ہے یا حلقے کے عوام کے مسائل اہم ہیں، چترالی صاحب کوفیصلہ کرنا ہوگا انہیں ہمارے ساتھ بیٹھنا چاہیے۔

https://twitter.com/MaulanaChitrali/status/1540299289271959552?s=20&t=kAHIyeuzNW9J3tzLx-Dugw

وفاقی وزیر نے جماعت اسلامی کے رکن کو دھمکی دی کہ عبد الاکبر چترالی کے خلاف ریفرنس بھی تیار ہے، یہ سب کے دوست ہیں اس لئے کارروائی نہیں کررہے۔ایاز صادق کا کہنا تھا کہ اگرحکومتی بینچزپرنہیں بیٹھیں گے توریفرنس بھی آسکتاہے، ہمارے ساتھ بیٹھیں ملکر مفتاح صاحب سے مسائل حل کرائیں گے۔

انھوں نے کہا مفتاح صاحب نے بہت مشکل حالات میں یہ بجٹ پیش کیا، یقین دلانے کی کوشش کی کہ پرانی حکومت ہے ، ہم نے وعدہ خلافی نہیں کی۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت اتنی قیمتیں بڑھانے کے حق میں نہیں تھی، ہمارے پاس راستہ تھاسیاسی طور پر اپنا نقصان کریں یا ملک کانقصان کریں، تمام جماعتوں نے ملکر مشکل فیصلہ کیاتاکہ پاکستان بچا سکیں۔

آئی ایم ایف سے مذاکرات کے حوالے سے ایاز صادق نے کہا کہ آئی ایم ایف سے جب بات کرتے تھے جواب ملتا تھاہم آپ پراعتبارنہیں کرتے، سابقہ وزیراعظم کیلئے شاید یہ بڑی بات نہیں تھی، انہوں نے جاتے جاتے قیمتیں کم کرکے مزید مشکلات بڑھادیں۔سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی کرسی بچانے کیلئے مستقبل کو داؤ پر لگا دیا ہے ، مفتاح صاحب نے جتنی تنقید برداشت کی ان کی ہمت ہے، انھوں نے تمام فیصلے مشاورت سے کیے، ایک طرف مہنگائی اور مفتاح ،دوسری طرف ہم سب تھے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ مفتاح اسماعیل نے مشاورت کیساتھ مشکل فیصلے کیے آئندہ بھی کریں گے، جب مفتاح صاحب ٹی وی پرآتے ہیں تولوگ گھبرا جاتے ہیں، وہ کہتے تھے ناکہ بچوں سوجا ورنہ وہ آجائے گا۔