اسلام آباد ہائیکورٹ، پیمرا کا نجی ٹی وی پر دس لاکھ روپے جرمانے کا فیصلہ کالعدم


اسلام آباد (صباح نیوز ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان میڈیکل کمیشن پر تنقید کے معاملہ میں پیمرا کی جانب سے نجی ٹی وی (نیو نیوز) پرعائد کردہ دس لاکھ روپے جرمانے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے نجی ٹی وی کی اپیل پر فیصلہ سنایا،اپیل کنندہ کی جانب سے سعد رسول اور شان سعید گھمن ایڈوکیٹس نے دلائل دئیے، چیف جسٹس کا کہنا تھاکہ ریکارڈ سے معلوم ہوتا ہے کہ پروگرام میں زیر بحث کمیشن کی کارکردگی اور مینجمنٹ تھی، پروگرام میں محض گفتگو کو زیر التوا عدالتی معاملہ میں مداخلت نہیں

کہا جا سکتا، چیف جسٹس نے کہاکہ کونسل آف کمپلینٹس نے صرف اس بنیاد پر جرمانہ عائد کیا کہ عدالت میں زیر التوا معاملے پر بحث کی گئی، عدالت مطمئن ہے کہ اس معاملے میں عدالتی زیر التوا معاملے کا اطلاق نہیں ہوتا،چیف جسٹس نے کہاکہ کاروائی کے دوران بحث میں شریک ہونے والوں کا موقف نہیں لیا گیا اور نہ ہی انھیں کاروائی کا حصہ بنایا گیا،عدالت نے نجی ٹی وی کی اپیل منظور کرتے ہوئے جرمانے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔