پاکستان اور ترکی سماجی و مذہبی اقدار پر مبنی مثالی تعلقات کے حامل ہیں ،صدرمملکت


اسلام آباد(صباح نیوز)صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی سماجی و مذہبی اقدار پر مبنی مثالی تعلقات کے حامل ہیں۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے پاکستان میں ترکی کے سبکدوش ہونے والے سفیر احسان مصطفی یرادکل نے الوداعی ملاقات کی،

اس موقع پر صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے برادرانہ تعلقات دونوں ممالک کے عوام کے دلوں میں بستے ہیں ، دونوں قومیں مشترکہ سماجی، ثقافتی اور مذہبی اقدار پر مبنی مثالی دوستانہ تعلقات کی حامل ہیں، امید ہے کہ باہمی طور پر فائدہ مند کثیر الجہتی تعلقات مستقبل میں بھی مضبوط سے مضبوط تر ہوں گے، ترکی اور پاکستان نے دیگر مسلم ممالک کے ساتھ او آئی سی اور اقوام متحدہ سمیت مختلف فورمز پر اسلاموفوبیا کا مقابلہ کیا.

مشترکہ کاوشوں کی بدولت اقوام متحدہ نے 15 مارچ اسلاموفوبیا سے مقابلے کے عالمی دن کے طور پر منانے کا اعلان کیا،اسلامو فوبیا دنیا بھر میں اور بالخصوص بھارت میں بڑھ رہا ہے، ہندوستان میں تمام مذہبی اقلیتوں، خاص طور پر مسلمانوں کوبلا خوف و خطر ظلم و تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، بھارت میں مسلمانوں کے گھروں اور عبادت گاہوں کو مسمار کیا گیا.بھارت میں مسلمانوں کی مذہبی علامتوں اور شخصیات کی توہین کی گئی۔

صدر مملکت نے تنازعہ جموں و کشمیر پر ترکی کی جانب سے پاکستان کی مستقل حمایت کا شکریہ ادا کیا۔صدر مملکت نے سبکدوش ہونے والے سفیر کو اسلام آباد میں اپنی مدت ملازمت کی تکمیل پر مبارکباد بھی دی۔

صدر مملکت نے پاک ترک دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں سفیر کے ذاتی کردار کو بھی سراہا۔