ملک میں کورونا سے ایک مریض کا انتقال، مثبت کیسز کی شرح2فیصد سے متجاوز


اسلام آباد(صباح نیوز) ملک بھرمیں کورونا وائرس کی ممکنہ چھٹی لہر کے باعث کیسز میں ایک بار پھر تیزی سے اضافہ ہونے لگا،کورونا کے باعث ایک مریض انتقال کر گیا،مثبت کیسز کی شرح2فیصد سے تجاوز کرگئی۔

این آئی ایچ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24گھنٹے میں 12ہزار 513کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔ جن میں سے 268 افراد میں کورونا کی تشخیص ہو ئی۔گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 2.14 فیصد رہی۔

قومی ادارہ صحت  کے مطابق گزشتہ 24گھنٹے میں کورونا کے باعث ایک مریض انتقال کر گیا۔ملک بھر میں کورونا کے 75مریضو ں کی حالت تشویش ناک ہے۔کراچی میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 21.23 فیصد پہنچ گئی۔محکمہ صحت سندھ کے مطابق ملک بھر میں سب سے زیادہ کیسز کراچی میں رپورٹ ہو رہے ہیں، صوبہ سندھ میں کورونا کیسز کی سب سے زیادہ شرح 5.09 فیصد ہوگئی ہے۔

ایبٹ آباد میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 8.07 فیصد، پشاور میں شرح 3.36 فیصد اور مردان میں شرح 1.43 فیصد تک پہنچ گئی۔ میرپور آزاد کشمیر میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 2.63 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کیسز کی شرح 2.05 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ لاہور میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 1.91 فیصد اور فیصل آباد میں شرح 2.30 فیصد ریکارڈ کی گئی۔کوئٹہ میں کورونا کیسز کی شرح 1.92 فیصد ریکارڈ کی گئی۔