نیب ترمیمی بل سے کرپشن کیسز ختم ہو جائیں گے،فرخ حبیب


اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ نیب ترمیمی بل سے کرپشن کیسز ختم ہو جائیں گے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ پاکستان میں حکومت نے ہر چیز مہنگی کر دی ، سٹاک ایکسچینج نیچے جا رہی ہے اور ڈالر کی قیمت بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ این آر او ٹو کی تیاریاں جاری ہیں اور نیب ترمیمی بل لایا جا رہا ہے جس سے سب کے کرپشن کیسز ختم ہو جائیں گے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ عمران خان کے دور میں معیشت ٹھیک چل رہی تھی اور معاملات صحیح تھے لیکن اتحادی حکومت ہونے کی وجہ سے سازش ناکام بنانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف پر اربوں روپے کی کرپشن کے کیسز ہیں اور وہ وزیر اعظم ہیں۔ ہم انتخابات کے مطالبے پر قائم ہیں۔